• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیس بندش اور پریشر میں کمی کا مسئلہ فوری حل کیا جائے‘ راشد حفیظ

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) شہریوں کو قدرتی گیس کے کم دبائو کی وجہ سے درپیش مشکلات کے حل کیلئے صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے محکمہ سوئی گیس کے ایم ڈی عامر طفیل سے ملاقات کی اور انہیں گیس کے کم دبائو یا عدم دستیابی کے باعث عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے ایم ڈی محکمہ سوئی گیس سے کہا کہ وہ شہر بھر کا خصوصی سروے کروائیں اور جن علاقوں میں گیس کا دبائو کم ہے اور وہاں گیس نہیں پہنچ رہی انکی نشاندہی کریں۔ گیس عوام کی انتہائی بنیادی ضروریات میں شامل ہے جس کے بغیر شہری علاقوں میں زندگی یکسر مفلوج ہو کر رہ جاتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جہاں ضرورت ہو وہاں فوری نئی لائنیں ڈالی جائیں اور گیس کے کم دبائو کی دیگر وجوہات کا تعین کرکے گھریلو صارفین کو درپیش بنیادی مسئلے کو فوری حل کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ سردیوں میں گیس کی طلب میں اضافے کے معاملے کو پیش نظر رکھتے ہوئے گیس کو صرف ناگزیر ضرورت کیلئے استعمال کریں۔ گیس ہیٹر کی بجائے گرم کپڑوں کا استعمال کریں اور گیزر کو بھی انتہائی ضروری اوقات میں چلائیں تاکہ مسئلے کے حل میں درکار عوامی تعاون مل سکے۔ جی ایم عامر طفیل نے صوبائی وزیر کو اس مسئلے کے حل کیلئے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ دریں اثناء راجہ راشد حفیظ نے عوام سے کورونا ایس او پیز پر پوری طرح عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری صحت اور کورونا سے بچائو ہمارے اپنے ہاتھ میں ہے جس طر ح کورونا کی گزشتہ لہر میں عوام نے احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے اپنا اور دوسروں کا بچائو کیا تھا اسی طر ح اب بھی لوگوں کو اپنی ذمہ داریاں نبھانی چاہئیں۔
تازہ ترین