کوروناوائرس میں مبتلا پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ڈاکٹر کامران رحیم یار خان کے شیخ زید اسپتال میں انتقال کر گئے ہیں۔
اس حوالے سے محکمۂ صحت کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کامران کئی روز سے شیخ زید اسپتال میں وینٹی لیٹر پر تھے۔
محکمۂ صحت کے مطابق ضلع بھر میں سابق نون لیگی ایم پی اے عمر جعفر سمیت 175سے زائد افراد میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 18 ہزار 511 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 979 ہو گئیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، یہاں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی کے بعد اب ان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 95 ہزار 185 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 7 ہزار 985 تک جا پہنچی ہے۔
کورونا وائرس کے ملک بھر میں 47 ہزار 390 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 286 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں، 2 ہزار 186 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 39 ہزار 810 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔