کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے بعد راولپنڈی کے بارہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوارلحق کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن 8 دسمبر تک جاری رہے گا۔
راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 144 افراد کورونا کا شکار ہوگئے جبکہ پانچ مزید افراد جان کی بازی ہار گئے، شہر میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث تحصیل گوجر خان اور ٹیکسلا سمیت ضلع کے بارہ علاقوں میں فوری طور پر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوارلحق کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند رہے گی، ان علاقوں میں جنرل اسٹورز، پھل فروٹ، تندور، پٹرول پمپس صبح نو سے سات بجے تک کھلیں گے جبکہ طبی سہولیات کے مراکز اسپتال فارمیسیز 24 گھنٹے کھلی رہیں گی، دودھ کی دکانوں، بیکریز اور گوشت کی دکانوں کو صبح سات سے شام سات تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق انتظامی افسران اسمارٹ لاک ڈاؤن کے علاقوں میں لاک ڈاؤں پر عمل درآمد کروانے کے لئے خود فیلڈ میں موجود رہیں گے۔