شوبز کی رنگارنگ دنیا کی اسٹار امر خان کی کامیابیوں میں اضافہ، سیونتھ اسکائی کے سپر ہٹ ڈرامے ’دل گمشدہ‘ میں یاد گار پرفارمنس دینے کے بعد اب وہ نامور پروڈیوسر عبیداللّٰہ کادوانی کے ایک اور نئے ڈرامےسیریل ’ قیامت‘ میں احسن خان اور نیلم منیر کے مد مقابل مرکزی کردار میں نظرآئیں گی۔
صرف اتنا ہی نہیں بلکہ امر خان ایک اور نئی تاریخ رقم کرنے جارہی ہیں، وہ پاکستان شو بزنش انڈسٹری کی پہلی ہیروئن ہوں گی جس نے اپنی پہلی فیچر فلم ’دم مستم‘ کی کہانی خود لکھی ہےاور اس فلم میں بطور ہیروئن عمران اشرف کے ساتھ جلوہ افروز ہوں گی۔
اس فلم میں سروں کے سلطان اس استاد راحت فتح علی خان اور پاکستان میں پاپ موسیقی کے بانی گلوکار عالمگیر بھی امر خان کے ساتھ سنیما اسکرین پر نظر آئیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ابھرتی ہوئی سپر اسٹار امر خان نے بتایا کہ میری والدہ نے شوبزنس انڈسٹری کو 35 برس دیئے ہیں، اس کے باوجود انہوں نے اداکاری کا فن مجھ پر مسلط نہیں کیا۔
میں اپنے والدین کی اکلوتی اولاد ہوں، گھر میں اکیلی ہوتی تھی تو مادھوری ڈکشٹ کی فلمیں خوب دیکھتی تھی، مادھوری ڈکشٹ میری ٹیچر ہیں، ان کا گانا ’چنے کے کھیت میں‘ ہزاروں بار دیکھا۔
ان سے سیکھا کہ رقص میں جسم کے ساتھ چہرے کے ایکسپریشن کتنے ضروری ہوتے ہیں، رقص کے دوران آنکھوں کی شرارتیں اور نزاکتیں کتنی ضروری ہوتی ہیں ۔
ایک سوال کے جواب میں پروڈکشن ڈائریکشن کہانی نویس اور اداکاری کے شعبے میں کام کرنے والی ورسٹائل فن کارہ امر خان نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ میں ملتان میں پیدا ہوئی اور تمام ابتدائی تعلیمی مراحل لاہور میں مکمل کرنے کے بعد امریکا سے فلم میکنگ کے مختلف کورسسز کیے۔
فلم ڈائریکٹر احتشام الدین اور پروڈیوسر عدنان صدیقی کی فلم ’دم مستم‘ میں ایسی لڑکی کا کردار نبھایا ہے جسے ڈانس کا جنون ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں امر خان نے کہا کہ ہمایوں سعید فواد خان اور فہد مصطفی ہماری فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار ہیں، ۔ماہرہ خان میں ہیروئن کی تمام خوبیاں موجود ہیں جبکہ مہوش حیات کھل کر کام کرتی ہیں اور صبا قمر کی میں سب سے بڑی مداح ہوں۔
انہوں نے کام کے حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ قیامت ڈرامے میں نیلم منیر میری بہن بنی ہیں، یہ میگا ہٹ سیریل ثابت ہوگی ۔