• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا سے متاثر بہروز سبزواری کی اسپتال میں مداحوں سے دعاؤں کی اپیل

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر تیزی سے شہریوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے ، تاہم اب ایک اور پریشان کن خبر سامنے آئی ہے کہ پاکستان کے معروف ترین اداکار بہروز سبزواری بھی کورونا کا شکار ہو گئے ہیں ۔ مقامی انگریزی روزنامے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے نامور اداکار بہروز سبزواری میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور وہ اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔بہروز سبزواری نے بتایا کہ وہ اس وقت ضیاالدین اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں زیرِ علاج ہیں۔نامور اداکار نے مزید بتایا کہ وہ اس وقت کافی بہتر محسوس کررہے ہیں اور انہوں نے مداحوں سے صحت یابی کے لیے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔دوسری جانب ان کے بیٹے اور اداکار شہروز سبزواری نے بتایا کہ بہروز سبزواری میں 6 روز قبل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی اور وہ اس وقت سے اسپتال سے زیرِ علاج ہیں۔شہروز سبزواری نے یہ بھی بتایا کہ ان کے والد ٹھیک ہیں، وہ کووڈ وارڈ میں نہیں ہیں لیکن عمر 60 برس سے زائد ہونے کے باعث انہیں نگرانی میں رکھنے کی ضرورت ہے۔اس کے ساتھ ہی اداکار شہروز سبزواری نے مداحوں سے والد کی صحتیابی کی دعا کی درخواست بھی کی۔خیال رہے کہ بہروز سبزواری سے قبل پاکستان میں شوبز سے وابستہ کئی شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکی ہیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات کم از کم 2ہفتے جبکہ کچھ ڈیڑھ ماہ بعد صحتیاب ہوئی تھیں۔

تازہ ترین