برسلز( حافظ انیب راشد ) بلجیم میں آئندہ ماہ سے کورونا وبا کے خلاف مدافعت کی ویکسین لگنا شروع ہو جائے گی ۔ یہ بات بلجین کے مختلف علاقائی عوامی صحت کے وزرا کی جانب سے ایک پر یس کانفرنس میں بتائی گئی۔ کانفرنس میں اس ویکسین کے حوالے سے ترجیحات کا بھی اعلان کیا گیا۔ کانفرنس میں بتایا گیا کہ فائزر کی جانب سے پہلے مرحلے میں 6 لاکھ ویکسین فراہم کی جا رہی ہیں جو 3 لاکھ افراد کو لگائی جاسکے گی۔ یاد رہے کہ ہر شخص کو تین ہفتے کے درمیان 2 مرتبہ یہ ویکسین لگانا ہوگی جسے منفی 75 ڈگری پر اسٹور کیا جائے گا۔ ان ترجیحات کے مطابق یہ ویکسین مختلف گروہوں میں تقسیم ہوگی، ان گروہوں کو A اور B کےذیلی گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے لیکن سب سے پہلے یہ ویکسین کیئر سینٹرز میں اپنی زندگی کے دن کاٹنے والے بزرگوں اور وہاں کام کرنے والے عملے کو مہیا کی جائےگی ، اس کے بعد ہسپتالوں میں کام کرنے والے عملے اور فرسٹ لائن ہیلتھ ورکرز جب کہ اسی مرحلے میں ہسپتالوں کے تمام شعبوں میں کام کرنے والے اور مختلف سماجی خدمات فراہم کرنے میں بالمشافہ شریک افراد تک پہنچائی جائے گی ۔ بعد ازاں آئندہ کے مراحل میں 65 سال سے زائد عمر کے افراد اور انتہائی کم قوت مدافعت رکھنے والے افراد کو اس ویکسی نیشن پروگرام کا حصہ بنایا جائے گا۔