• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور ایئرپورٹ شدید دھند کے باعث بند،متعدد پروازیں منسوخ

لاہور (نمائندہ جنگ) لاہور ایئرپورٹ، شدید دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ۔تفصیلات کےمطابق لاہور ایئرپورٹ اور اطراف میں شدید دھند کی وجہ سے ایئرپورٹ کو تین گھنٹوں کے لئے بند کردیاگیا، حد نگاہ 10 میٹر رہ گئی۔ ہوا کی رفتار صفر ہونے سے دھند رن وے پر ٹھہر گئی،آنے جانے والی پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثرہوکررہ گیا۔ترکش ایئر کی استنبول سے آنے والی پرواز 714 کو اسلام آباد بھجوا دیا گیا،پی آئی اے کی مسقط سے آنے والی پرواز پی کے 230 کو بھی اسلام آباد بھجوا دیا گیا جبکہ ایئربلیو کی ابوظہبی سے آنے والی پرواز 431 کو بھی اسلام آباد بھجوا دیا گیا،تینوں پروازیں شدید دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ نہیں کر سکیں، دھند کے باعث ترکش ایئر کی استنبول جانے والی پرواز 715 بھی تاخیر کا شکار ہے۔علاوہ ازیں سیرئین ایئر کی کراچی سے آنے والی پرواز 520 منسوخ،سیرئین ایئر کی کراچی جانے والی پرواز 521 منسوخ،ایئربلیو کی دبئی جانے والی پرواز 410 منسوخ اورایئربلیو کی دبئی سے آنے والی پرواز 411 منسوخ کردی گئی،بڑے رن وے کی مرمت کے باعث چھوٹا رن وے استعمال کیا جا رہا ہے، لاہور ایئرپورٹ کے چھوٹے رن وے پر فوگ لائٹس بھی نصب نہیں ہیں۔ایئرپورٹ داخلی گیٹ سمیت پارکنگ اور لاونجز میں بے ہنگم رش لگ گیا،مسافروں کا سامان لانے لے جانے والی ٹرالیاں کم پڑ گئیں،رش کے باعث انتظامیہ لائن بنوانے میں ناکام ہوگئی،سکیورٹی چیکنگ کاؤنٹرز پر لمبی لائنیں لگ گئیں، اے این ایف، کسٹمز، ایئرلائن بورڈنگ اور امیگریشن کاؤنٹرز پر بھی رش رہا،آنے جانے والے مسافروں کو سخت مشکلات اور پریشانی کا سامناہے۔

تازہ ترین