کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت میں اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر نکلنے والے کسانوں کے احتجاج کا دائرہ کار وسیع ہوتا جارہا ہے ، احتجاجی کسانوں پر مودی حکومت کے مظالم کیخلاف انڈین پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل نے اپنا قومی ایوارڈ’ پدم بھوشن ‘واپس کر دیا ہے، انڈین میڈیا کے مطابق 30کھلاڑی آج نئی دہلی میں مارچ کریں گے اور اپنے اپنے قوی ایوارڈ واپس کریں گے ، سابق ہاکی کپتان پرگٹ سکھدیو سنگھ ڈھینڈسا نے بھی اپنا پدم شری ایوارڈ 7دسمبر کو واپس کرنے کا اعلان کردیا ہے، تفصیلات کے مطابق سابق انڈین باسکٹ بال کھلاڑی اور ارجن ایوارڈ یافتہ سجن سنگھ چیما نے گزشتہ دنوں اعلان کیا تھا کہ وہ 5 دسمبر کو کئی دیگر سابق کھلاڑیوں کے ساتھ دہلی پہنچیں گے اور راشٹرپتی بھون کے گیٹ پر اپنا ایوارڈ رکھ کر پرامن طریقے سے واپس چلے آئیں گے، ان کی حمایت میں اب کئی سابق کھلاڑی سامنے آئے ہیں جو ان کی پیروی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ چیما کو 30 سے زائد سابق اولمپک اور دیگر میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی حمایت حاصل ہوئی ہے۔