• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نجم الدین خان

کسی گاؤںمیں ضمیر گل نامی ایک محنت کش کسان رہتا تھا۔وہ سارا دن اپنے کھیتوں میں کام کرتا تھا اس کے باغات،اور کاشت کی زمینیں بہت بڑے رقبے میں پھیلی ہوئی تھیں۔ اس گاؤں میں قائد ،لطیف اور بشیر تین دوست رہتے تھےجو اپنی شرارتوں کی وجہ سے مشہور تھے۔ اسکول آتے جاتے، ان کا کافی وقت شرارتوں میں صرف ہوتا تھا۔ اسکول سے واپسی پرضمیر گل کے باغ میںچلے جاتے اور اس کے درختوں اور پودوں کو نقصان پہنچا کر اپنی شرارتوں سے بہت تنگ کرتے تھے۔پھل توڑ کر کھا لیتے ، پھولوں کو پودوں سے توڑ کر زمین پر بکھیر دیتے ۔کسان ان کی شرارتوں کی وجہ سے بہت پریشان رہتاتھا۔وہ ان کی حرکتوں کی وجہ سے اتنا عاجز آگیا کہ انہیں سبق سکھانےپر مجبور ہوگیا۔اس نے فیصلہ کیا کہ کسی روز ان تینوں کو پکڑکر ان کی شرارتوں کی سزا دی جائے۔


ایک دن کسان نے انہیں پکڑنے کا منصوبہ بنایا اور وہ اپنے دو دوستوں کے ساتھ باغ میں چھپ کر بیٹھ گیا۔اس دوران قائد، لطیف اور بشیر اسکول سے واپسی پرباغ میں گھس آئے اور حسب معمول درختوں اور پودوں کو نقصان پہنچانے لگے۔ کسان اور اس کے دوست جو پودوں کے پیچھے چھپے ہوئے تھے، وہاں سے نکل کر ان تینوں کو پکڑ لیا۔ کسان نے جب انہیں مار لگانا شروع کی تو وہ روتے ہوئےمعافیاں مانگنے لگے کہ غلطی ہوگئی ہے آئندہ وہ نہ تو باغ میں آئیں گے اور نہ درختوں، بودوں اور پھولوں کو نقصان پہنچائیں گے۔ لیکن کسان نے انہیں ایک کمرے میں بند کردیااور ان سے کہا کہتم تینوں کو تب جانے دیا جائے گا جب ایک دن میرے ساتھ کھیتوں میں کام کروگے۔ انہوں نے بہت منت سماجت کی لیکن کسان نے ایک نہ سنی۔ آخرکارانہیں کسان کی بات ماننا پڑی۔


دوسرے روزصبح سویرے اٹھا کران تینوں کو وہ کام دئیے گئے جو کسان خود کرتا تھا۔ یہ سارے کام ان کے لیے بہت مشکل تھے لیکن کسان کی قید سے رہائی کے لیے انہیں کرنا پڑے۔ دوپہرتک وہ تینوں بہت تھک چکے تھے۔ ان سے اور کام نہیں ہورہا تھا۔ وہ پسینے میں شرابور تھے، ان کی حالت دیکھ کر انہیں کسان نے بلایا اورپوچھا کہ کیسا لگا کام ،مشکل ہے یا آسان؟

تینوں سر جھکائےکھڑے تھے ان کواپنی شرارتوں پر بہت ندامت تھی۔کسان نے کہا شرارتیں کرنا بری بات نہیں لیکن اپنی حرکتوں سے نہ تو کسی کی دل آزاری اور نہ اسے تکلیف دیناچاہیے۔ تینوں نے کہا کہہمیں اپنی آج تک کی حرکتوں پر بہت شرمندگی ہے، آج کے بعد ہم آپ کی نصیحت پر عمل کریں گےاب ہمیں معاف کر دیں۔ کسان نے انہیں چھوڑ دیا اور وہ تینوں خوشی خوشی گھر کی طرف چل پڑے اور آئندہ کے لیے شرارتوں سے توبہ کرلی۔

اپنی کہانیاں، نظمیں، لطائف، دلچسپ معلومات، تصویریں اور ڈرائنگ وغیرہ ہمیں درج ذیل پتے پر ارسال کریں

انچارج صفحہ ’’بچوں کا جنگ‘‘

روزنامہ جنگ،اخبار منزل، فرسٹ فلور، آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی

bachonkajang@janggroup.com.pk

تازہ ترین