گھر کو خوبصورت بنانے کے لوازمات میں کمروں کی چھتوں کی تزئین و آرائش بھی شامل ہے۔ کسی بھی کمرے بنائی گئی وضع دار چھت اس کے ماحول کو ایک منفرد اندازعطا کرتی ہے۔ عموماً کسی بھی مکان کے فن تعمیر کی انفرادیت اورجدت کا اندازہ کمروںکی چھتوں اوردیواروں کے جدید اسٹائل کو دیکھ کر لگایا جاتا ہے۔
ایک دور تھا جب گھر کے کمروں کی چھتوں کی تعمیر اور تزئین و آرائش کے لیے بنائے جانے والے نقش و نگار میں پتھر اور جپسم (پلاسٹر آف پیرس) کا استعمال کافی سمجھا جاتا تھا ۔ گھروں میں جپسم کی بنی پلیٹوں کا استعمال فرانسیسی کیمسٹ لویزر کی تحقیق کے بعد شروع کیا گیا۔ لویزر نے پہلی بار گھروں کی اندرونی چھتوں کو گرمی اور سردی کے اثرات سے بچانے کے لیے جپسم سے بنی پلیٹوں کا استعمال کیا۔
آجکل ہمارے یہاں پلاسٹر آف پیرس کی بنی فالز سیلنگ اورلکڑی سے تیار کردہ چھتوں کا رجحان عام دیکھنے میں آتا ہے۔ ماہرین کے مطابق فالز سیلنگ لگوانے سے نا صرف چھتیں خوبصورت اور دیدہ زیب نظر آتی ہیں بلکہ اس سے نقصان پہنچانے والے موسمی اثرات (گرمی و سردی) میں بھی خاطر خواہ کمی لائی جاسکتی ہے۔ یہی نہیں، کمرے کی چھتوں پر روشنی کے ذریعے بھی ایک منفرد احساس اور تاثر قائم کیا جاسکتا ہے۔
آج بات کرتے ہیں چھتوں کے ان ڈیزائن کی جن کے ذریعے گھر کے کمروں کو منفرد انداز سے سجایا اور موسمی اثرات سے بھی محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔
لکڑی کی چھتیں
لکڑی کی چھتیں بھی ایک دلچسپ طرز سجاوٹ ہیں۔ یہ گھر کی اندرونی آرائش وزیبائش میں عام استعمال کی جاتی ہیں۔ لکڑی کی چھتوں سے ناصرف گھرکو خوبصورتی عطا ہوتی ہے بلکہ دیہی انداز بھی ملتاہے۔ لکڑی سے مختلف انداز میں کمروں کی چھتیں تیار کی جاتی ہیں، جن پر روشنیوں کا استعمال دلکش تاثر دیتا ہے۔
پھول دار چھتیں
چھتوں کو منفرد انداز دینے کے لیے کٹ ورک کا خوبصورت کام کیا جاتا ہے، جس میں چھت کی بنیاد پر فلورل ڈیزائننگ چسپاں کی جاتی ہے یا پھر چھتوں کو خوبصورت انداز میں کاٹ کر دہرے رنگوں سے تیار کیا جاتا ہے۔ جامنی رنگ کے ساتھ خاکستری اور سفید رنگ کا استعمال کسی بھی بیڈروم کے لیے بہت منفرد خیال ہوگا۔
پتھری چھتیں
چھت کی سجاوٹ میں پتھروں کا استعمال بھی ایک منفرد تجربہ ہے۔ عام طور پر ڈرائنگ روم یا لاؤنج کی چھتوں کے لیے پتھر کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ فن تعمیر کے ذریعے ماربل یا پتھروں پر نقش ونگار بنائے جاتے ہیں،ایسی چھتیں مکینوں کے فنی ذوق کا عکاس ہوتی ہیں۔
رنگ برنگی چھتیں
یکساں رنگ و روغن والی چھت سے ایک ہی تاثر قائم کیا جاسکتا ہے۔ تاہم، یکساں رنگ والی چھت کے علاوہ رنگ برنگی چھت بھی ٹرینڈ کا حصہ ہے۔ اس قسم کی چھت کے ڈیزائن میں کئی طرح کے امکانات موجود ہوتے ہیں جیسے کہ مختلف رنگوں، مواد اور روشنیوں سے اسےمعطر کیا جاسکتا ہے۔ چھت کے ساتھ ساتھ کمرے کو بھی مختلف رنگوں میںڈبو کر ایک دلکش تاثر پیش کیا جا سکتا ہے۔
وال پیپر اور چھتیں
دور جدید میں دیواروں کے علاوہ چھتوں کے لیے بھی وال پیپر کا استعمال کیا جانے لگا ہے۔ اس کے ذریعے گھر کے ہر حصے کو منفرد انداز دیا جاسکتا ہے۔ بچوں کے کمروں میں ان کی پسند کا خیال رکھتے ہوئے چھت پر وال پیپرز لگائیں۔ چھتوں کے لیے وال پیپرز کے استعمال کو شاندار طرز سجاوٹ میں شمار کیا جاتا ہے۔
کچن کیلئے اسٹائلش چھت
کچن کے لیے بھی جدید چھت بنائی جاسکتی ہے مگراس کا انحصار جگہ پر منحصر ہے۔ لکڑی کی پہاڑی نما چھت کچن کے وسعت انگیز ماحول کے ساتھ بہت اچھی ثابت ہوسکتی ہے۔
چھت کیلئے روشنیاں
اگر آپ کے گھر کی چھت نیچی ہے توپھر کمروں کی چھتوں کے لئے بہت زیادہ روشنیوں کے بجائےسا دہ روشنی کا انتخاب کریں۔ اس کے برعکس اونچی چھت کو تھوڑا ڈرامائی انداز سے سجایا جاسکتا ہے ، اس میں فانوس لگانا ایک شاندار آئیڈیا ہے۔ چھتوں کے لیے ایل ای ڈی لائٹس بہترین انتخاب ہیں، جو بہترین ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ عام بلب کے مقابلے میں 80فیصد کم بجلی استعمال کرتی ہیں۔
چھت کے درمیان سجاوٹ
زیادہ تر لوگ رنگا رنگ یا چھتوں کے متعدد ڈیزائن بنوانے سے گریز کرتے ہیں۔ اگر آپ ڈرائنگ روم کی چھت کے لئے منفرد طرز سجاوٹ میں دلچسپی رکھتے ہیں تو اس کے درمیان (فوکل پوائنٹ) میں ایک شاندار فانوس کا اضافہ کیجئے۔ دیگر کمروں کی چھتوں کی آرائش و زیبائش کے بھی سجاوٹی اشیا چھت کے درمیان میں لگائی جا سکتی ہیں۔
چھت پر شیشوں کا استعمال
ہال نما کمروں کی چھتوں کے لیے شیشوں کا استعما ل بھی بہترین رہتا ہے۔ اس میں شیشوں کو کمرے کی چھت پر پائیداری اور مضبوطی کے ساتھ منفرد انداز میں نصب کیا جاتا ہے۔ یہ اسٹائل کمرے کو کشادگی عطا کرنے کے ساتھ شاہانہ طرز دیتا ہے۔