اسلام آباد (ٹی وی رپورٹ/نیوز ایجنسیز) سابق صدر آصف علی زرداری کی طبیعت تاحال سنبھل نہ سکی، میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری نے طبی بنیاد پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کردی۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ طبیعت خرابی کی وجہ سے کل عدالت میں حاضر نہیں ہوسکتا۔درخواست میں موقف اختیار کیاگیاکہ عدالت 8 دسمبر کو حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرے۔عدالت میں جمع کرائی گئی میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری کو گرنے سے سر میں چوٹیں آئیں اور انہیں 22 نومبر کو اسپتال میں دوبارہ داخل کروایا گیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں کل سابق صدر آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت سماعت کے لیے مقرر ہے تاہم آصف علی زرداری نے وکیل کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں حاضری سے استثنیٰ کے لیے درخواست جمع کرائی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ میں ضیاء الدین اسپتال میں 22 نومبر سے داخل ہوں، طبیعت خرابی کی وجہ سے کل عدالت حاضری نہیں ہو سکتا۔