• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم عمران خان آٹیکل ون 40 اے پر عملدرآمد یقینی بنائیں، پی ایس پی

پاک سر زمین پارٹی نے وزیراعظم عمران خان سے انتخابی اصلاحات کے ساتھ ساتھ بلدیاتی حکومت کے لیے آٹیکل ون 40 اے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کا مطالبہ کردیا ہے ۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل پاک سر زمین پارٹی حسان صابر نے کہا کہ ایوانوں میں جانے والے آئین پاکستان کو صرف حکومت بنانے کے لئے استعمال کرتے ہیں، ماضی کی اور موجودہ حکومتیں اس آئین کی پامالی کررہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آج یومیہ بنیادوں پر حکومت اور اپوزیشن پریس کانفرنس ہی کررہی ہیں، ہم نے گزشتہ چار سال سے مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے کی بات کی ہے، ہم آٹیکل ون 40 اے کا مکمل عملدرآمد چاہتے ہیں مگر چند خاندان اور سیاسی جماعتیں ایسا ہونے نہیں دے رہی۔

سیکریٹری جنرل پاک سر زمین پارٹی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پریس کانفرنس کے ذریعے کہا کہ وہ الیکٹرورل ریفامرز کرنا چاہتے ہیں، حکومت کا کام صرف باتیں نہیں عملدرآمد ہونا چائیے ، لوگوں نے تبدیلی کے نام پر ووٹ دے دیا ہے، نچلی سطح کے لوگ اگر ایوانوں میں آئیں گے تو وہ نچلی سطح کے مسائل کی بات کریں گے۔

ان کاکہنا تھا کہ کیا وجہ ہے کہ کورونا وائرس پر وفاقی حکومت ،این سی او سی اور صوبائی حکومت کی پالیسی الگ الگ ہے۔

حسان صابر کاکہنا تھا کہ آج کی پریس کانفرنس کو ہمارا لیگل نوٹس سمجھیں، پاک سر زمین پارٹی اس معاملے پر عدالت جانے کے لئے تیار ہے۔

اس موقع پر سید حفیظ الدین نے کہا کہ سندھ حکومت کی مردم شماری پر خاموشی ہے، اس مسئلے پر فوری طور پر سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کام کرے، جب دل چاہتا ہے کراچی میں نیا ضلع بنالیا جاتا ہے، حدبندی پر بھی بات کرنی ہوگی، وزیراعظم صرف باتیں کرتے ہیں۔

تازہ ترین