• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی راج کماری کا ہر دعویٰ جھوٹا نکلا، فردوس عاشق


وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ 8 دسمبر گزر گیا آر ہوا نہ پار، جعلی راج کماری کا ہر دعویٰ جھوٹا نکلا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جاتی امرا کی جعلی راج کماری کا آر یا پار کا جعلی اعلان بھی جعلی ثابت ہوا۔

انہوں نے کہا کہ 13دسمبر بھی گزر جائے گا، پی ڈی ایم پرانی تنخواہ پر ہی کام کرتی رہے گی، جلسے کریں یا جلوس نکالے، حکومت کہیں نہیں جائے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جعلی راج کماری جتنے مرضی دورے کرلے، 2دن بعد ان سب کو وہ’دورہ‘ پڑے گا کہ دنیا دیکھے گی، پی ڈی ایم کا سیاسی جنازہ نکل چکا ہے، انہیں اپنی منفی سیاست دفنانے کے لیے جگہ نہیں ملےگی۔

انہوں نے کہا کہ افراتفری کی سیاست کا جواب خدمت کی سیاست سے دے رہے ہیں، ایک طرف ہمارا ازلی دشمن سرحدوں پر بیٹھا وطن عزیزکے استحکام کے خلاف سازش کررہا ہے۔

فردوس عاشق کا مزید کہا ہے کہ ملک دشمن ایجنڈے پرچلنے والی پی ڈی ایم انتشار پھیلا کر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہے۔

تازہ ترین