• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم اپوزیشن کے تِلوں میں تیل دیکھنا چاہتے ہیں، فردوس اعوان


وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہم اپوزیشن کے تلوں میں تیل دیکھنا چاہتے ہیں ،کوئی سڑک بلاک نہیں کریں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کل کے جلسے کے حوالے سے منتخب قیادت کو ڈرایا دھمکایا جارہا ہے، اپوزیشن بار بار قانون کو للکار رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کے عوام نے اپوزیشن اتحاد کی دھمکیوں کی سیاست کو مسترد کردیا ہے، ہم ان تلوں میں تیل دیکھنا چاہتے ہیں کوئی سڑک بلاک نہیں کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ پیسے کے زور پر لوگوں کو اکٹھا کرکے ظل سبحانی کا پیغام پہنچایا جارہاہے۔


انہوں نے مریم نواز کو راجکماری کہہ کر مخاطب کیا اور کہا کہ ان کے پاس کونسا مینڈیٹ ہے کہ وہ پی ڈی ایم کی ہر جماعت کی ترجمان بن کر تاریخیں دے رہی ہیں؟ راج کماری کے ہاتھوں سے اقتدار کی لکیریں مٹ چکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد نے مینار پاکستان پر تالے توڑ کر سامان پہنچایا ہے، یہ لوگ بار بار قانون کا للکار رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ لاہور کی طرف آنے والی کسی سڑک کو جلسے کی وجہ سے بلاک نہیں کریں گے، جلسہ روکنے کے لیے ہم کسی جگہ کوئی کنٹینر نہیں رکھیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈیم ایم انتشار اور فساد کا بیانیہ لیکر آرہی ہے، مولانا فضل الرحمٰن نے اپنے جھتے تیار کیے ہیں، مدرسے کے بچوں کو استعمال کرنے کا مذموم منصوبہ بنایا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نے کہاکہ جلسے کے روٹس پر کیمرے لگائے جارہے ہیں، اپوزیشن کی تمام سرگرمیوں پر کڑی نگاہ رکھی جائے گی۔

اپوزیشن کی دوسری بڑی جماعت پیپلز پارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ سندھ میں آپ نے لاک ڈاؤن لگایا، اجتماعات پر پابندی لگائی ہوئی ہے، پنجاب میں آپ کورونا پھیلانے کے لیے جلسے جلوس کررہے ہیں۔

تازہ ترین