لاہور میں حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا پاور شو آج ہوگا، مینار پاکستان گراؤنڈ میں قائدین کے لیے کنٹینر منگوالیے گئے، شرکا کے لیے کرسیاں لگ گئیں۔
اپوزیشن اتحاد کے جلسے کی سیکورٹی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنوں کے سپرد کردی گئی۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ٹرک میں جلسہ گاہ پہنچیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری پی ڈی ایم جلسے سے قبل اپوزیشن رہنما سابق اسپیکر ایازصادق کی رہائشگاہ آئیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو، مریم نواز اور مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ ایاز صادق کے گھر ظہرانے میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے رہنما ریلیوں کی شکل میں جلسہ گاہ جائیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عوام ساری رکاوٹیں توڑ کر آئیں گے، حکمران اب جن الفاظ میں بھی این آر او مانگیں، پی ڈی ایم ، نواز شریف اور ن لیگ اب این آر او نہیں دے گی۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ میں اور بلاول ایک ساتھ جلسہ گاہ آئیں گے، عوام ہرصورت مینار پاکستان پہنچ کر حکومت کو آخری دھکا دیں۔
مسلم لیگ (ن )کی رہنما مریم نواز نے رات گئے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ گریٹر اقبال پارک کا دورہ کیا اور پی ڈی ایم جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
ادھرجمعیت علمائے اسلام (ف) نے کہا کہ آج پوری قوم سلیکٹڈ حکومت کے خلاف فیصلہ دے گی۔