• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی کسانوں کا احتجاج جاری، دہلی، جے پور شاہراہ بند کردی

نئی دہلی (جنگ نیوز )بھارت میں زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا احتجاج شدت سے جاری ہے جب کہ مذاکرات کے 6 دور بھی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکے جس کے بعد مظاہروں میں شدت آ رہی ہے۔کسانوں نے دہلی جے پور شاہراہ بند کردی ہے۔

کسان رہنمائوں نے آج سے بھوک ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صبح 8بجے سے شام 5 بجے تک کی بھوک ہڑتال کی جائے گی دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے بھی کسانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی کسانوں کے ساتھ پیر کو بھوک ہڑتال کرینگے۔ 

کسانوں کے احتجاج میں شریک 30 تنظیموں میں شامل ایک تنظیم کے رہنما کمال پریت سنگھ پنوں نے کہا کہ سینکڑوں کسان اب اپنی ٹریکٹر ٹرالیوں پر نئی دہلی کی طرف مارچ کریں گے۔پنوں کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ان کی تحریک کو دبانا چاہتی ہے لیکن وہ پر امن احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

کسانوں کی جانب سے نئی دہلی کی جانب مارچ کی دھمکی کے بعد حکام نے دارالحکومت کے داخلی راستوں پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے اور کئی مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔

بھارت کے وزیر اعظم نریندرا مودی نے نئی اصلاحات کو بھارت میں زرعی شعبے کی بہتری کے لیے سنگِ میل قرار دیا ہے جب کہ حزبِ اختلاف کی جماعتوں نے اسے کسانوں کے حقوق پر ڈاکہ قرار دیا۔مودی کاکہنا ہے کہ زرعی اصلاحات سے کسانوں کی آمد ن میں اضافہ ہوگا۔

تازہ ترین