• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کو ہنگامی حالت کا اعلان کرنا ہوگا، یو این سیکرٹری جنرل

اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نےکہاہےکہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کو اب ماحولیات کے حوالے سے ہنگامی حالت کا اعلان کرنا ہوگا۔

ماحولیاتی تبدیلیوں کے وجہ بننے والے حالات میں فوری بہتری کا عمل شروع نہ کیا گیا تو رواں صدی کے آخر تک زمین کے درجہ حرارت میں تین ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد تک کا اضافہ ممکن ہے۔

وہ ماحولیات کی عالمی سربراہی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دنیا بھر کے سربراہان مملکت و حکومت کو خبردار کیا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے زیادہ متاثرہ ممالک ماحولیاتی ایمرجنسی کا اعلان کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہ کریں۔

اقوام متحدہ کی ورچوئل ماحولیاتی سربراہی کانفرنس پیرس میں 2015ء میں طے پانیوالے عالمی ماحولیاتی معاہدے کے پانچ برس پورے ہونے کے موقع پر منعقد کی گئی۔

انہوں نے زور دیکر کہا کہ زمینی درجہ حرارت میں اضافہ کم سے کم رکھنے کیلئے اب تک جتنے بھی اقدامات کئے گئے ہیں وہ مطلوبہ ہدف سے تشویش ناک حد تک کم ہیں۔

عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پیدا ہونیوالی صورتحال بہت ڈرامائی شکل اختیار کر چکی ہے اور اس کے تدارک کیلئے ٹھوس اور دور رس اقدامات کی ضرورت ہے۔

انتونیو گوتریس نے کہا عالمی رہنماؤں کو چاہئے کہ وہ بلا جھجھک اپنے اپنے ممالک میں ماحولیاتی ایمرجنسی کا اعلان کریں تا کہ عالمی درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ کے تباہ کن اثرات کا مقابلہ کیا جا سکے۔

تازہ ترین