لاہور(نمائندہ جنگ) مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ویڈیو لنک خطاب کیا۔
پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ایسا ظلم جبر کم دیکھا کہ پرامن جلسہ کے لئے کرسیاں اور بجلی سپلائی کرنے والے کے خلاف مقدمات بنائے گئے۔
جب عوامی سیلاب آئے گا تو سب بہا کر لے جائے گا، عمران خان کو لانے والے سلیکٹرز دبائو میں ہیں، گزشتہ الیکشن میں تاریخ کی سب سے بڑی دھاندلی کی گئی۔ ووٹ چوری کر کے نااہل اور نالائق کھلنڈروں کا سرکس لگایا، آٹا ، چینی مہنگی کر کے عمران خان کی اے ٹی ایم مشینوں کو فائدہ پہنچایا گیا۔
انھوں نے کہا کہ کس سے پوچھیں آدھی آبادی غربت کی لکیر سے نیچے ہو گئی، ایک کروڑ نوکریاں دینے والے نے لاکھوں افراد کا روز گار چھین لیا، آج تارکین وطن بھی بے روزگار ہور ہےہیںِ ، پچاس لاکھ گھر بنانے کا کیا بنا، 27 ارب میں میٹرو بس بنانے والا شہباز شریف جیل میں ہے۔
پشاور میٹر میں ایک سو دس ارب ڈبو ئیے گئے۔ پشاور میں آکسیجن نہ ملنے سے سات افراد اللہ کو پیارے ہو گئے، کس سے پوچھیں سکوت کشمیر پر جعلی حکمران کیوں خاموش بیٹھے ہیں، سعودی عرب اور چین ہم سے کیوں دور ہو گئے۔
پاکستان ہنستا بستا دنیا میں کیوں تنہا ہو گیا۔ جعلی سیٹ اپ ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈال سکتا ہے یہ کھیل ختم ہونا چاہئے، پاکستان خطے میں پیچھے رہ گیا، جعلی سیٹ اپ جاری رہا تو اتنا نقصان ہو گا کہ تلافی نہیں ہو سکے گی، ہماری جد و جہدفیصلہ مرحلے میں داخل ہو رہی ہے لوگ گھروں سے باہر نکلیں۔
نواجوان پاکستان بچانے کے لئے اس جذبے سے اٹھیں جس جذبے سے بزرگ پاکستان بنانے نکلے تھے، جعلی سیٹ کا حصہ نہیں بن سکتے ، اس میں بیٹھنا قوم سے زیادتی ہو گی، نظام بدلے بغیر کوئی چارہ نہیں۔
ایک آزادی ہم نے ۱۹۴۷میں حاصل کی تھی سلیکٹڈ کا ڈرامہ اپنے منطقی انجام کو پہنچنا چاہئے مسلم لیگ ن کے ارکان نے استعفے دینا شروع کر دئیے ہیں وہ چٹان کی طرح ہمارے ساتھ کھڑے ہیں جب بھی پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان استعفے پیش کرنے کی ہدایت دیں گے انھیں پیش کر دیں گے۔
ہم اپنے بزرگوں کی روایت دہرائیں گے ملک کو زنجیروں سے آزاد کریں گے، ووٹ کو عز ت دیں گے، عوام نےساتھ دیا تو کامیابی ہمارے قدم چومے گی۔