• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارا استعفیٰ ایٹم بم، حکومت گھر جائے گی، بلاول بھٹو

ہمارا استعفیٰ ایٹم بم، حکومت گھر جائے گی، بلاول بھٹو


لاہور(خبرایجنسی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ استعفے ایٹم بم ہیں، اپوزیشن ایٹم بم کااستعمال ملکر کرے گی، حکومت گھر جائیگی،پی ڈی ایم کی ساری جماعتیں ایک پیج پر ہیں، وزیراعظم ، اسپیکر اور وزیراعلیٰ سب کٹھ پتلی ہیں،ان سے مذاکرات نہیں ہوسکتے، عمران خان ناجائز وزیراعظم کی کرسی سے مستعفی ہوجائیں۔ کوٹ لکھپت جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں لیکن حکومت میں اہلیت نہیں وہ ملک چلا سکے، قائد حزب اختلاف شہبازشریف اور سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ دونوں کو جیل میں ڈالا گیا، ان پر کوئی جرم ثابت نہیں ہوا، صرف ذاتی عناد کی بنا پر دونوں کو جیل میں رکھا جارہا ہے،جمہوریت اور پارلیمان میں حل اپوزیشن اور حکومت دونوں کی رائے اور مفاہمت سے نکالا جاتا ہے،عمران خان نے پہلے دن سے کہا کہ وہ پی ٹی آئی اور فیس بک کا وزیر اعظم ہے،اس پر وہ خوش ہے، لیکن عوامی مسائل کو حل نہ کرنا ناانصافی ہے،پی ڈی ایم اس کی بھرپور مذمت کرتی ہے، ہماری جدوجہد اور زور اس پر ہے کہ پاکستان میں حقیقی جمہوریت بحال کریں، ایسا جمہوریت بحال کریں جو عوام کی نمائندہ حکومت ہوگی، شہبازشریف نے پہلی تقریر میں نیشنل چارٹرڈ کی بات کی، ملکر کام کرنے کی بات کی لیکن حکومت نے بات نہیں مانی بلکہ ان کا زور اس بات پر ہے کہ وہ اپوزیشن رہنمائوں کو جیل میں رکھا جائے۔

تازہ ترین