لاہور( نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے قوم کی امانت ہےچلاکردکھاؤنگا،عمران کیساتھ کام کرنا آسان،مراعات لیں نہ لوںگا۔اتوار کے روز اپنے دورہ لاہور کے دوسرے روز وزیر ریلوے اعظم سواتی نے چھٹی کے باجود تمام افسران کا اجلاس ڈی ایس ورکشاب کے دفتر میں منعقد کیا اور لوکو شاپ مغل پورہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی جس کے بعد انہوں نے مغل پورہ لوکوورکشاپ کا دورہ بھی کیا اور بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے ملک کی امانت ہے ہم اس کو نئی جدید اور کمرشل انٹرپرائزز کی طرح اوپر لے کر جائیں گے۔ آپ میرے بیان کو سیاق و سباق کے ساتھ لکھیں۔میں نے کہا کہ تھا اگر امریکہ میں بینکرپٹ کمپنیوں کو اُٹھایا تو ریلوے بھی چلاکر دکھائیں گے۔ ہمارے بھائی جو یہاں کام کررہے ہیں میرا یہ حق بنتا ہے کہ میں ماں کی طرح ان کی حفاظت کروں۔انہوں نے کہا کہ مزدور اور مسافر کی سیفٹی میرے ترجیح ہے۔ ریلوے کا مزدور جن کوارٹرز کے اندر رہ رہا ہے اُن کی بہت بُری حالت ہے وہ پچاس ،ساٹھ سال پہلے کے بنے ہوئے ہیں ان کی اندر کوئی بہتری نہیں ہے اور ان کو پہلی فرصت میں وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق مکان بناکر دیں گے اگر آپ مزدور کی رہائش اور صحت کا خیال رکھیں گے تو یہ ادارہ خود بخود اٹھے گا۔میں ہر چیز کو باریک بینی سے دیکھ رہا ہوں مجھے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ بجلی کے میٹروں کی وجہ سے دو ارب کا نقصان ہورہاہے اس سال یہ رقم بچائیں گے۔ یہ آپ کا ، عوام کا اور ملک کا پیسہ ہے، اسی لیے میں آیا ہوں ۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ میں رات جس ریسٹ ہاؤس میں رہا ہوں اُس کا کرایہ میں نےخودادا کیا ہے۔