وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان بالکل صحیح سمت میں چل رہا ہے۔
شفقت محمود نے ’پاکستان کے بیانیے سے سماجی ہم آہنگی و قومی یکجہتی کانفرنس‘ سے ورچوئل خطاب کیا۔
اس دوران شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کو کافی چیلنج تھے لیکن اب بہتری آرہی ہے، ماضی میں قوم مختلف نصابوں میں بکھری ہوئی تھی، پاکستان میں یکساں تعلیمی نصاب پر کام کیا جارہا ہے۔
شفقت محمود نے نظام تعلیم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف نصابوں کے باعث قوم کی ایک سوچ نہیں بن سکتی تھی، یکساں تعلیمی نظام قوم کو یکجا ہو کر ترقی کی راہ پر لگائے گا۔
انہوں نے ورچوئل خطاب کے دوران مزید کہا کہ قوموں کی زندگی میں بہت زیادہ چیلنج آتے ہیں اور آج کل ہم کوروناوائرس کا مقابلہ کر رہے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اصل جنگ دو ممالک کی بیانیے پر ہوتی ہے، ماضی میں حریف ملک نے پاکستان پر اپنا بیانیہ مسلط کرنے کی کوشش کی، دو قومی نظریہ پاکستان کا بیانیہ تھا جس کو حریف ممالک عملی جامہ پہنتے نہیں دیکھنا چاہتےتھے۔
شفقت محمود نے کہا کہ اگر پاکستان کا بیانہ درست نہ ہوتا تو کامیاب تحریک نہ چل سکتی، پاکستان پرمختلف چیلنج آئے اور تمام میں بیانیے کی ہی جنگ تھی، دہشت گردی کے چیلنجز کے پیچھے بھی ایک بیانیہ ہے، جس کا پاکستان نے مقابلہ کرنا ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اپنے بیانیے پر سوچنا چاہیے تاکہ قوم کا نظریہ بالکل شفاف ہو۔