• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران اور 5 ممالک کا جوہری معاہدے پر اجلاس

ویانا ( نیوز ڈیسک) عالمی طاقتوں اور ایران کے نما ئندوں نے ایک بار پھر فریقین کے درمیان موجود جوہری معاہدے پر بات چیت کی ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز ایک آن لائن اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں جرمنی، فرانس، برطانیہ، روس اور چین کے نمائندوں کے ساتھ ایرانی نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی نے شرکت کی۔ جوہری معاہدے سے امریکی انخلا کے بعد ایران کی جانب سے کی گئیں خلاف ورزیاں ان مذاکرات میں زیربحث آئیں۔ یورپی ممالک نے ایران پر زور دیا کہ وہ جوہری معاہدے کی تمام شقوں کی پابندی کرے۔ نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے ایسے اشارے سامنے آئے ہیں کہ ایرانی جوہری معاہدے میں امریکا دوبارہ شامل ہو سکتا ہے، لیکن فی الحال یہ معاہدہ ڈگمگا رہا ہے۔ یورپی ممالک کی کوشش ہے کہ سفارت کاری کے ذریعے اس معاہدے کو دوبارہ کارآمد بنایا جائے۔ دوسری جانب ایران کے لیے امریکا کے خصوصی ایلچی ایلوٹ ابرامز کا کہنا ہے کہ واشنگٹن یہ نہیں چاہتا کہ دنیا میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سرپرست ایران جوہری ہتھیار حاصل کرے۔ بدھ کے روز دی ٹائمز آف اسرائیل جریدے کو دیے گئے بیان میں ابرامز کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک ایسے شدت پسند نظام کا سامنا ہے جو بین الاقوامی قانون کی پیروی نہیں کرتا۔ امریکی ایلچی یہ اعلان کر چکے ہیں کہ ان کی اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے دیگر ذمے داران کی ایران اور اس کے جوہری معاہدے کے حوالے سے جو بائیڈن کی ٹیم کے ساتھ بات چیت شروع ہو گئی ہے۔ایلوٹ ابرامز نے 25 نومبر کو ایران کے خلاف ایک بار پھر پابندیاں سخت کرنے کا اعلان کیا تھا۔
تازہ ترین