• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی وسائل نہ ہونے کے باوجود ہم نے عوام کی خدمت کی ہے، سراج الحق

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے شہر قائد کے بنیادی اور گھمبیر مسائل کو اُجاگرکرنے، وفاقی و صوبائی حکومتوں کو متوجہ کرنے اور انکے حل کیلئے نمایاں کردار ادا کیا ہے اور عوام کی بھر پور ترجمانی کی ہے۔ سرکاری مشنری اور حکومتی اختیارات اور وسائل نہ ہونے کے باوجود عوام کی خدمت کی ہے۔ کورونا کی وباء میں الخدمت کے رضاکاروں اور جماعت اسلامی کے کارکنوں نے جان کی پرواہ کیے بغیر متاثرین کی مدد کی۔ کراچی میں نچلی سطح پر جماعت اسلامی کی پبلک ایڈ کمیٹیاں اور جے آئی یوتھ کی سرگرمیاں خوش آئند ہیں۔ عوام جماعت اسلامی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ اور عبد الستار افغانی کی قیادت میں عوام کے مسائل حل کیے ہیں، آئندہ جب بھی موقع ملا کراچی کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع وسطی اور ضلع ایئر پورٹ کے ذمہ داران کے تنظیمی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماعات میں جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن و دیگر نے بھی شرکت کی۔ سراج الحق نے کہا کہ ضلع وسطی میں ”پڑھو پڑھاؤ تحریک“ کے ذریعے ہر سال طلبہ و طالبات اور والدین کیلئے کورس کی فراہمی کے لیے سہولت فراہم کرنا، شعبہ اطفال کا منظم اور فعال ہونا اور آن لائین راشن کی تقسیم ایک منفرد تجربہ ہے اسے مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین