• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: گلشن اقبال میں ریلوے کی اربوں روپے مالیت کی اراضی واگزار کروالی گئی


رپورٹ: اعجاز احمد

پاکستان ریلوے نے گلشن اقبال میں کارروائی کر کے محکمہ ریلوے کی اربوں روپے مالیت کی قیمتی اراضی واگزار کروالی، جس سے کے سی آر کی بحالی میں آسانی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو پاکستان ریلوے کی انسدادِ تجاوزات ٹیم نے گلشن اقبال، گیلانی ریلوے اسٹیشن کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ریلوے سوسائٹی کی 4 ایکڑ زمین قابضین سے واگزار کروالی، جس کی مالیت کا تخمینہ قریباً 4 ارب روپے لگایا گیا ہے۔

انسداد تجاوزات کی اس کارروائی میں ریلوے پولیس کی معاونت سندھ پولیس اور سندھ رینجرز نے بھی کی، تاہم یہاں جھونپڑیوں میں رہائش پذیر متعدد قابضین نے رضاکارانہ طور پر از خود زمین خالی کردی، جس کے باعث کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

دریں اثناء ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) ریلوے کراچی ارشد سلام خٹک کا کہنا ہے یہ زمین واگزار ہونے سے گیلانی اسٹیشن پر کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) بحالی منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں بھی آسانی ہوگی۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ کراچی ڈویژن میں جہاں کہیں بھی ریلوے کی زمین پر تجاوزات ہیں ان کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کام یاب کارروائی پر تمام افسران اور ریلوے پولیس کو مبارک باد دینے کے ساتھ ساتھ سندھ حکومت، سندھ پولیس اور رینجرز کے تعاون پر ان کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

تازہ ترین