• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس ویکسین ساز کمپنیوں سے رابطے میں ہیں: NCOC


نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا کہنا ہے کہ حکومتِ پاکستان چین سمیت کورونا وائرس ویکسین ساز کمپنیوں سے رابطے میں ہے۔

ایک بیان میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین کے تیسرے مرحلے کے ٹرائل کے ڈیٹا سمیت تمام پیش رفت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

این سی او سی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان اقدامات سے پاکستان میں کوروناوائرس کی ویکسین کی دستیابی کے لیے حتمی فیصلہ ہو سکے گا۔


واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، یہاں کورونا وائرس کے کیسز میں پھر تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 29 ویں نمبر پر ہے۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 142 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 84 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 4 ہزار 415 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی ) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 9 ہزار 557 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 62 ہزار 814 ہو چکی ہے۔


کورونا وائرس کے ملک بھر میں کُل 37 ہزار 905 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، اسپتالوں میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 931 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 419 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 4 لاکھ 15 ہزار 352 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین