وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی، جس میں ملکی اندرونی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی جس میں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں ملک کی اندرونی بیرونی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاک فوج سے متعلق پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش کیا گیا۔
اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے ملاقات میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فورسز کی سیز فائرخلاف ورزیوں، مسلسل اشتعال انگیزیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں عزم کا اظہار کیا گیا کہ پوری قوم کی حمایت سے مادر وطن کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔