چائے ایشیاء میں سب سے زیادہ مقبول اور بڑے پیمانے پر پی جانے والے مشروبات میں سے ایک ہے اور کچھ لوگ تو چائے کے اس قدر شوقین ہوتے ہیں کہ جب تک اُن کے ہاتھ میں چائے کا کپ نہیں آتا تو اُن کی آنکھیں نہیں کُھلتیں۔
موجودہ دور میں ، چائے کی بہت سی قسمیں ہیں جو مقبولیت حاصل کررہی ہیں، یہ چائے وزن کم کرنے میں مدد کرنے سے لے کر آپ کا ذہنی سکون برقرار رکھنے میں مفید ثابت ہورہی ہیں۔
سبز چائے، کیمومائل چائے، لیموں چائے اور ادرک چائے، یہ تمام وہ خاص چائے ہیں جنہیں اس موسم سرما آپ کو لازمی اپنی غذا میں شامل کرکے بےشمار فوائد حاصل کرنے ہیں۔ آئیے ان خصوصی چائے کے فوائد کی تفصیل جاننے کی کوشش کریں۔
مختلف اقسام کی چائے اور اُن کے حیرت انگیز فوائد:
سبز چائے:
سبز چائے نے دُنیا بھر میںبڑے پیمانے پر مقبولیت حاصل کی ہے۔ یہ اینٹی آکسیڈینٹ کی ایک صف میں مالا مال ہے، جو آزاد ریڈیکلز کے ذریعہ ہونے والے نقصان کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ وزن کم کرنے میں مدد دینے کے علاوہ، سبز چائے ذیابیطس، بلڈ پریشر اور حتیٰ کہ کولیسٹرول کے معاملات میں مبتلا افراد کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔
لیموں کی چائے:
لیموں کی چائے وزن میں کمی لانے کے لیے بہت مشہور ہے۔ لیموں آپ کو وٹامن سی کی ایک خوراک مہیا کرتا ہے جس سے یہ قوت مدافعت کے مضبوط نظام میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ لہٰذا آپ روزانہ دن میں ایک سے دو بار لیموں کی چائے پی کر یہ فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔
ادرک کی چائے:
یہ چائے ان لوگوں کے لیے بہت مفید ہے جو روزانہ کی بنیاد پر بدہضمی کے مسائل کا سامنا کرتے ہیں۔ آپ اپنی روزمرہ والی بنائے جانے والی چائے میں ایک ٹکڑا ادرک کا شامل کرکے پی سکتے ہیں، اس سے آپ کا نظام ہاضمہ بہتر طریقے سے کام کرسکے گا، اس کے علاوہ ادرک کی وجہ سے آپ کو درد، متلی، سردی، فلو اور قبض جیسے مسائل سے بھی نجات مل سکتی ہے۔
کیمومائل چائے:
کیمومائل چائے میں ایسی خصوصیات ہیں جو اچھی نیند میں مدد فراہم کرسکتی ہیں۔ اس سے فوائد حاصل کرنے کے لیے سونے سے پہلے لازمی ایک کپ کیمومائل کی چائے لیں۔