• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایرانی تیل پر پابندی سے لاکھوں افراد متاثر ہونگے‘انجینئر عثمان

کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی انجینئر حاجی عثمان بادینی نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے صوبے میں ایرانی پیٹرول اور ڈیزل پر پابندی کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے سے لاکھوں عوام بے روزگار ہوں گے ۔حکومت کی ناکام پالیسیوں کیوجہ سے عوام کی پریشانیوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ ایک جانب حکمرانوں نے ہر چیز عوام کی دسترس سے باہر کردی تو دوسری جانب بلوچستان میں جہاں ویسے ہی روزگار کے مواقع ناپید ہیں، ایرانی سرحد سے ملحقہ علاقوں کے عوام ایرانی پٹرولیم مصنوعات کا کاروبار کرکے اپنے گھر کا گزر بسر کرتے تھے لیکن افسوس حکمرانوں نے ان سے یہ روزگار بھی چھین لیا جس سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہوگا تووہ دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دو سالہ حکومتی کارکردگی میں صرف عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ ہی چھینا گیا۔ گیس، بجلی، ادویات اور اشیائے ضروریہ پر آئے روز ٹیکس سے ہر چیز عوام کی پہنچ سے دور کردی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں روزگار کے مواقع پہلے ہی محدود ہیں یہاں کوئی فیکٹری اور کارخانہ نہیں جبکہ وفاق میں بلوچستان کے کوٹے پر پہلے ہی دیگر صوبوں کے لوگ براجمان ہیں۔ یہاں کے عوام اپنا اور اپنے بچوں کا گزر بسر ایرانی پٹرول کے کاروبار سے کرتے ہیں مگر افسوس حکومت نے اس پر پابندی لگا کر غریب عوام کے منہ کا نوالہ بھی چھین لیا۔حکومتی فیصلے سے کم از کم 10لاکھ افراد متاثر ہوں گے جس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ اور جرائم کے بڑھنے کا بھی اندیشہ ہے لہٰذا حکمران فوری طور پر اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کریں۔
تازہ ترین