• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایلوویرا کا جوس ہمارے لیے کتنا مفید ہے؟

ایلوویرا کا شمار ایک بہترین ہربل میں ہوتا ہے کیونکہ اسے مختلف دواؤں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے، ایلوویرا کو ’کوار گندل‘ بھی کہا جاتا ہے۔

ایلوویرا وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتا ہے۔ اس میں وٹامن اے، سی، ای، بی 1، بی 2، بی 3 اور بی 12، پروٹین، لپڈز، امائینو ایسڈز، فولک ایسڈ اور کیلشیئم، میگنیشیئم، زنک، کرومیئم، سیلینیئم، سوڈیئم، آئرن، پوٹاشیئم، کاپر اور مینگنیز جیسے منرلز شامل ہوتے ہیں جو ہماری صحت بہتر رکھنے کے لیے مفید سمجھے جاتے ہیں اور ان کی کمی سے مختلف اقسام کی بیماریاںہوجاتی ہیں۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ایلوویرا کھانے کے لیے بھیبے حد مفید ہے اوراسے شعبہ طب سمیت کاسمیٹیکس میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

مختلف تحقیقات کے بعدایلوویرا کا جوس پینےکےیہ مندرجہ ذیل فوائد سامنے آئے ہیں:

وٹامن سے بھرپور

ایلوویرا کا جوس وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتا ہے جس میں موجود اینٹی آکسیڈینٹس ہمارے جسم کے لیے بنیادی طور پر ضروری ہیں۔

ماہرین صحت کے مطابق اس کا جوس آملا، تلسی اور کریلے کے جوس کے ساتھ بھی پیا جاسکتا ہے۔

ہاضمے کے لیے مفید

ایلوویرا کے جوس کا روزانہ کی بنیاد پر استعمال آپ کے ہاضمے کو بہتر کرتا ہے اور نظام ہاضمہ میں پیدا ہونے والے امراض سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔

ایلوویرا کے جوس سے معدے کی تیزابیت اور گیس کی شکایت سے بھی محفوظ رہا جاسکتا ہے جب کہ یہ وزن کم کرنے میں بھی مددگار ہے۔

جرثوموں کے خاتمے میں مددگار

صبح سویرے ایلوویرا کا جوس پینے سے آپ کے جسم میں موجود ایسے جرثوموں کا خاتمہ ہوتا ہے جو خون کے خلیوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ اس کے علاوہ صبح ایلوویرا کے جوس کا استعمال معدے کے مسائل کو حل کرتے ہوئے اسے صاف کرتا ہے۔

خون کی کمی دور کرنے میں مؤثر

ماہرین صحت کا کہنا ہےکہ ایلوویرا نہ صرف آپ کے معدے کے لیے مفید ہے بلکہ یہ جگر کی خرابی میں بھی انتہائی مؤثر ثابت ہوتا ہے۔ جسم میں خون کی کمی کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ یہ یرقان کے مریضوں کے لیے بھی بہترین ہے۔

جب کہ ایلوویرا کے جوس کا استعمال پتے میں موجود زہریلے مادوں کو بھی ختم کرتا ہے جو پتے کے لیے انتہائی مفید ہے۔

ہارمونز کے مسائل میں مددگار

ایلوویرا کا جوس کئی ہربل دواؤں میں استعمال ہوتا ہے جو ہارمونز کے مسائل دور کرنے کے لیے بنائی جاتی ہیں جب کہ اس کا استعمال لبلبے کی خرابی سے بھی بچاسکتا ہے۔

بالوں اور جلد کے لیے انتہائی مفید

ایلوویرا جہاں پیٹ کے امراض کے لیے مفید ہے وہیں اس کے فوائد چہرے کی جلد اور بالوں پر بھی دیکھے گئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اس کا استعمال بالوں کو تیزی سے بڑھنے میں مدد دیتا ہے جب کہ ایلوویرا چہرے کے داغ دھبوں اور جھائیوں کو بھی دور کرتا ہے۔ اسے جلد پر کریم کی طرح بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

قوت مدافعت بڑھائے

صحت بھری غذائیت سے بھرپور ایلوویرا کا جوس آپ کے جسم میں قوت مدافعت میں بھی اضافہ کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق خاص طور پر اسے آملہ اور تلسی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو یہ اور بھی فائدہ مند ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایلوویرا کے جوس کو نہار منہ پینا سب سے زیادہ فائدہ مند ہے۔ روزانہ نہار منہ ایک گلاس پانی میں 20 ملی لیٹر ایلوویرا کا جوس استعمال کرنا چاہیے جب کہ آپ اسے کسی بھی جوس میں ڈال کر پی سکتے ہیں۔

تازہ ترین