راولپنڈی (نمائندہ جنگ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور رکن قومی شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف اور ان کے بچوں نے آف شور کمپنیاں بناکر قوم کے اربوں روپے لوٹے ہیں اب تمام پارٹیاں ملکر بھی انہیں نہیں بچا سکتیں پاکستانیوں کی لوٹی ہوئی رقم ہر صورت واپس لائیں گے، جنرل راحیل شریف نے بلاامتیاز احتساب شروع کر دیا ہے بہت جلد مزید جرنیل بھی احتساب کے کٹہرے میں لائے جائیں گے، بلاول بھٹو سے ملکر اچھا لگا پاکستان کے حوالے سے دونوں کے خیالات تقریباً ایک جیسے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لال حویلی میں کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، شیخ رشید احمد نے کہا کہ نواز شریف نے باقاعدہ کرپشن کی ہے اور اب امریکہ بھی کرپشن کے معاملے پر پاکستانی عوامی کے فیصلے کا منتظر ہے لہذا میں امید کرتا ہوں کہ قوم اپنے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کیخلاف اپنے گھروں میں مزید نہیں بیٹھے گی، رکن اسمبلی نے کہا کہ نواز شریف کا لندن میں علاج نہیں صرف فوٹو سیشن ہوا ہے ، انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سے مل کر خوشی ہوئی، انہیں ملک بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔