• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایرانی پٹرول پر پابندی سے لاکھوں لوگ بیروزگار ہونگے‘ن لیگ

کوئٹہ (آن لائن )پاکستان مسلم لیگ(ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدر محمد رحیم کاکڑ،جنرل سیکرٹری نسیم الرحمان،آغا عمر شاہ،جنرل سیکرٹری کوئٹہ جاوید اقبال،جنرل سیکرٹری پشین میروائس کاکڑ ایڈووکیٹ،طارق بٹ ایڈووکیٹ ،ارباب اقبال، ذاکر بنگلزئی،آصف حریفال،صادق آغا،غلام آغا، الحاج خدائیداد ،لالا رزاق اورمحمد دین نے بیان میں ایرانی پٹرول پر پابندی کے حکومتی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے سے لاکھوں گھرانوں کے چولہے بجھ جائیں گے ۔ بلوچستان میں پہلے ہی روزگار کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں اور سرحدی علاقوں کے عوام اپنے گھر کو چلانے کیلئے ایرانی پٹرول کا کاروبار کرکے گزر بسر کررہے تھے لیکن حکومت کی جانب سے ایرانی پٹرول پر پابندی نے ان سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب ایرانی پٹرول پر پابندی اور دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کی نئی لہر آئیگی جس سے ٹرانسپورٹ میں اضافے کیساتھ اشیاء ضروریہ مہنگی ہونے سے عوام کی دسترس سے باہر ہوجائیں گی۔انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی بجائے ان سے روزگار کے مواقع بھی چھین رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کیساتھ ایرانی پٹرول پر پابندی کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے تاکہ عوام میں پائی جانے والی پریشانی دور ہوسکے۔
تازہ ترین