• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیا سال بھی کورونا کی تلخی اور بے یقینی کے ساتھ شروع ہوچکا ہے۔ پاکستان شوبزنس انڈسٹری سے وابستہ فن کاروں نے نئے سال کے لیے نئی فلموں کی ریلیز کی تیاریاں کررکھی ہیں، شوٹنگز بھی تیزی سے جاری ہیں، ہدایت کار وجاہت رؤف، یاسر نواز، ندیم بیگ اور نبیل قریشی اپنی اپنی فلموں کو مکمل کرنے میں مصروف ہیں۔سوال یہ ہے یہ فلمیں ریلیز کہاں ہوں گی؟ کیوں کہ پاکستان بھر میں سنیما گھروں کو مسلسل تالے لگے ہوئے ہیں، درجنوں لوگ بے روزگار ہوئے ہیں، فلم ساز، ہدایت کار اور فن کار سب پریشان ہیں ۔کیا سنیما گھروں پر لگے تالے کُھل سکیں گے، کسی کو معلوم نہیں،کیا فن کاروں کے خوابوں کو تعبیر مل سکے گی، اس کا فیصلہ کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال پر قابو پانے کے بعد ہوسکے گا۔ 

دوسری جانب نئے ٹی وی ڈرامے، فیشن اور موسیقی کے شعبے میں نئے سال میں بہت کچھ ہونے جارہا ہے۔ گلوکاروں کے نئے البمز اور گانوں کی وڈیوز ریلیز کی جائیں گی۔ ٹیلی ویژن انڈسٹری نے نئے سال میں ایک سے بڑھ ایک اور ناظرین کے دل جیت لینے والے ڈراموں کی تیاریاں کر رکھی ہیں ، جس کا ٓآغاز جیو کی اسکرین پر شہرت کے آسمان پر جگمگانے والے ستاروں کے ڈراموںسے ہوچکا ہے ۔اس بار ڈراموں میں بہت کچھ نیا دیکھنے کو ملے گا ۔

ٹیلی ویژن کے سپر اسٹار فیصل قریشی اور حِبا بخاری پہلی بار ایک ساتھ جیو کے ڈرامے میں نظر آئیں گے۔ ٹیلی ویژن اسکرین پر جگمگانے ولے ستاروں نے سنیما اسکرین پر جلوے بکھیر نے کی تیاریاں بھی مکمل کر رکھی ہیں۔سپر اسٹار احسن خان ایک جانب جیو کی اسکرین پر نیلم منیر کے ساتھ ڈراما ’’قیامت‘‘ میں آج سے رنگ جمائے گے، تو دوسری جانب یہ جوڑی یاسر نواز کی نئی فلم ’’چکر‘‘ میں سنیما گھروں میں فلم بینوں کے دل جیت لے گی۔ نئے سال میں جن فلموں کی ریلیز متوقع ہیں۔ 

ان میں بلال لاشاری اور عمارہ حکمت کی فلم ’’دا لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کے لیےجیو فلمز نے ریلیز کی تمام تیاری کر رکھی ہیں، اس فلم میں فواد خان اور ماہرہ خان پہلی بار کسی فلم میں جلوہ گر ہوں گے ۔ اس فلم کے علاوہ نوجوان ہدایت کار نبیل قریشی کی فلم ’’قائداعظم زندہ باد‘‘ سرمد کھوسٹ کی فلم ’’زندگی تماشا‘‘ اور ’’کملی‘‘ پروڈیوسر و اداکار عدنان صدیقی کی ’’دم مستم‘‘ اداکارہ ماورا حسین کی فلم ’’ٹچ بٹن‘‘ مُحب مرزا کی فلم ’’عشرت میڈ اِن چائنا‘‘ شایان خان کی ’’منی بیک گارنٹی اور دیگر فلموں کی ریلیز کی اطلاعات ہیں، مذکورہ میگا کاسٹ کی فلمیں سنیما گھروں تک کب تک پہنچ سکیں گی، یہ کوئی نہیں بتا سکتا۔ 

اس کے لیے فن کار پُر امید ہیں۔ ان فلمیں کی ریلیز کے بعد کئی فن کاروں کی قسمت بدل جائے گے۔ بالی وڈ سے فلم کے بہ طور ہیرو شہرت حاصل کرنے والے فواد خان کی اب تک کوئی پاکستانی فلم ریلیز نہیں ہوسکی۔ ان کی تین فلمیں ریلیز کے لیےتیار ہیں۔ ان میں مولا جٹ، منی بیک گارنٹی اور خود فواد خان کی پروڈیوس کی ہوئی فلم ’’نیلوفر‘‘ شامل ہے۔ اطلاعات یہ ہیں کہ یہ فلمیں نئے سال میں ریلیز ہوں گی۔اس کےعلاوہ اور بھی کئی فلمیں ایسی ہیں،جو رواں برس سنیما گھروں کی زینت بننے کے لیے تیار ہیں۔

اداکار احسن خان، امر خان اور نیلم منیر اب جیو کے ڈرامے’’قیامت‘‘میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ یہ جوڑی مزاحیہ فلم ’’چھپن چھپائی‘‘میں اپنی اداکاری کا جادو جگا چکے ہیں۔ فلم چھپن چھپائی دسمبر 2017 میں ریلیز ہوئی تھی، جو مزاح اور ایکشن سے بھرپور تھی۔ اج سے شروع ہونے والے ڈراما کو سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کے اسد قریشی اور عبداللہ کادوانی نے پروڈیوس کیا ہے، جس کی ہدایات علی فیضان نے دیں ، جب کہ یہ ڈراما ثروت نذیر نے لکھا ہے۔ ’’قیامت‘‘ کے بارے میں اداکار احسن خان نے بتایا کہ میں اپنے ڈراموں کے کرداروں کا انتخاب سوچ سمجھ کر کرتا ہوں۔  

ڈراما ’’قیامت‘‘ روایتی ڈراموں کی طرح کوئی سادہ محبت کی کہانی نہیں ہے، بلکہ اس ڈرامے میں میرے کردار کے قدرے منفی ، عجیب اور مختلف پہلو بھی ہیں۔ اس کی کہانی سوشل فیملی ڈراما ہے، جو جذبات سے بھرپور ہے، کیوں کہ وہاں بہت کچھ ہو رہا ہے۔

ڈرامے سے متعلق بتاتے ہوئے احسن خان کا مزید کہنا ہے کہ ڈرامے کی کہانی میں وہ مسائل جن کا خواتین سامنا کررہی ہیں اور جو بھی ان کے خلاف غلط ہو رہا ہے، اس کے خلاف انہیں لازمی کھڑے ہونا چاہیے، اس کے علاوہ کس طرح بچے والدین کی تربیب میں کی جانے والی کوتاہیوں اور غلطیوں کو اپنی زندگی پر لاگو کرتے ہیں، کی عکاسی کی گئی ہے۔ میرا کردار ’’ اڈاری‘‘جیسا تو نہیں ہوگا،لیکن اس سے ملتا جُلتا ہوگا۔ مجھے امیر باپ کی بگڑی ہوئی اولاد دکھایا گیا ہے۔نیلم منیر میری پسندیدہ اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔

‘‘ قیامت ڈرامے کے ساتھ ہی اداکارہ حبا بخاری اور ٖفیصل قریشی کے نئی ڈراما سیریل’’ افئیر‘‘ کا ٹیزر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ٹیزر میں حِبا بخاری شادی کی ایک تقریب میں رقص کرتی دکھائی دے رہی ہیں کہ اچانک ان کی ٹکر فیصل قریشی سے ہو جاتی ہے۔ اس ڈرامے کی کہانی زنجبیل عاصم شاہ نے لکھی ہے، جو اس سے قبل بھی کئی سپر ہٹ ڈرامے لکھ چکی ہیں۔ ڈرامے کے ہدایت کار سراج الحق ہیں ۔ ڈرامے کی کاسٹ میں حبا بخاری، فیصل قریشی کے علاوہ وہاج علی، کامران جیلانی، صبا حمید ، فرحان علی آغا، عصمت زیدی اور دیگر شامل ہیں۔ یہ ڈراما بھی سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے بنایا گیاہے۔ 

اداکارفیصل قریشی کا ڈرامے میں اپنے کردارکے بارے میں کہنا ہے کہ ڈرامے میں میرا کا کردار جیو کے سپر ہٹ ڈرامے مقدر کے ’’سردار سیف‘‘ سے بالکل مختلف ہے اور میں نے اس کردار کے لیے اپنا کافی وزن بھی کم کیا ہے۔ ڈرامے میں، ہارون، شبیر جان اور صبا فیصل بھی اہم کرداروں میں دکھائی دیں گے۔‘‘ اس کے علاوہ بھی نئے سال میں بہت کچھ ہوگا۔ پاکستانی نژادبرطانوی فن کار یاسر اختر نے ایک ٹیلی فلم بنائی ہے، جو رواں برس ریلیز ہوگی۔اس فلم کا نام ’’ رنگ دو رنگی‘‘ ہے، فن کاروں میں یاسر اختر کے علاوہ عرفان موتی والا، نمرہ شاہد،پلوشہ اور چائلڈ اسٹار شیث مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

تازہ ترین
تازہ ترین