کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیم نے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر دو گوشت کی دکانوں پر جرمانہ عائد جبکہ گوشت کی دیگر دکانوں سمیت متعدد کھانے پینے کے مراکز کو وارننگ نوٹسز جاری کر دئیے۔ بی ایف اے حکام نے کوئٹہ شہر کے علاقوں پرنس روڈ اور میکانگی روڈ میں مراکز کی انسپکشن کرتے ہوئے جنرل سٹورز سے برآمد ہونے والا ممنوعہ گٹکا پان پراگ اور مختلف اشیاء خوردونوش قبضے میں لے لیں ، جنرل سٹورز مالکان کو وارننگ دی گئی کہ اپنی دکانوں میں زائدالمیعاد ، ممنوعہ و انسانی صحت کیلئے مضر قرار دی گئیں اشیاء ہر گز نہ رکھیں بصورت دیگر آئندہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے جانے والے مراکز کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ میٹ شاپس کے خلاف بارہا منع کرنے کے باوجود دکانوں کے باہر گوشت لٹکانے اور صفائی کی ابتر صورتحال سمیت مختلف وجوہات کی بناء پر ایکشن لیا گیا ،بلوچستان فوڈ اتھارٹی حکام نے جرمانہ کئے گئے گوشت کی دکانوں کے مالکان کو بھی سختی سے تاکید کی کہ شاپس کے باہر گوشت ہرگز نہ لٹکائیں جبکہ صفائی کے انتظامات سمیت عوام کو تازہ گوشت کی فراہمی سے متعلق تمام امور کی ادائیگی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں وگرنہ خلاف ورزی کرنے پر آئندہ مراکز کو سیل کر دیا جائے گا۔