• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ساؤتھ افریقا میں بسمہ معروف کی کمی محسوس ہو گی، عالیہ ریاض

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ دورہ ساؤتھ افریقا میں کپتان بسمہ معروف کی کمی محسوس ہو گی وہ تجربہ کار کرکٹر ہیں، اُن کے نہ ہونے سے فرق پڑے گا۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم 11 جنوری کو ساؤتھ افریقا روانہ ہو رہی ہے جہاں ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کھیلے گی۔ کپتان بسمہ معروف فیملی وجوہات کی بنیاد پر دورے سے دستبردار ہو چکی ہیں، بسمہ معروف کی عدم موجودگی میں جویریہ خان ٹیم کی قیادت کر رہی ہیں۔

وومن کرکٹر عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ ساؤتھ افریقا میں کپتان بسمہ معروف کی کمی محسوس ہو گی لیکن بسمہ معروف کی غیر موجودگی میں نئی لڑکیوں کے لیے خود کو منوانے کا اچھا موقع ہے۔

عالیہ ریاض کو حال ہی میں پی سی بی ویمن کرکٹر ایوارڈ 2020ملا ہے، اس حوالے سے اُن کا کہنا ہے کہ پہلی بار پی سی بی ایوارڈ ملنے پر بہت خوشی ہوئی ہے، پی سی بی نے میری محنت اور پرفارمنس کا اعتراف کیا کوشش ہو گی کہ توقعات پر پورا اُتروں اور مستقبل میں بھی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھوں۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کوویڈ 19 کی وجہ سے انٹرنیشنل سرگرمیاں 11ماہ سے تعطل کا شکار ہیں۔ عالیہ ریاض نے کہا کہ کافی عرصے بعد دوبارہ سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہوں، گزشتہ دورہ جنوبی افریقا کے مقابلے میں اچھے نتائج لانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دوبارہ سے پاکستان کی جرسی پہننے پر بہت خوش اور پرجوش ہوں۔

عالیہ ریاض بائیو سیکور ببل میں رہنے کو آسان قرار نہیں دیتیں عالیہ ریاض کا ماننا ہے کہ بائیو سیکور ماحول میں رہنا مشکل ہے لیکن کرکٹ کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں کھیل کی سرگرمیاں جاری رہنی چاہئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ساؤتھ افریقا میں کوویڈ 19 کی وجہ سے پریشانی نہیں ہے۔

تازہ ترین