• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجھے یہ کالم اِس وجہ سے لکھنا پڑ رہا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز صاحب نے گیس اور کچھ دیگر ایشوز پر ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد 30دسمبر کو کانفرنس کے دوران یہ ’’جملہ‘‘ استعمال کیا جس کے ذریعے اُنہوں نے خاص طور پر 18ویں آئینی ترمیم کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’18ویں آئینی ترمیم کے بعد صوبے آزاد ملک نہیں بن گئے!‘‘۔ وہ سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کے اِس بیان پر تبصرہ کررہے تھے جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ سندھ کی 100ملین کیوبک فٹ گیس دوسرے صوبوں کو فراہم کی جارہی ہے اور باقی گیس سندھ میں استعمال ہوتی ہے۔ شبلی صاحب نے اِس پریس کانفرنس میں دوسری بات سندھ سے نکلنے والی گیس کے حوالے سے بھی کی ہے۔ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اُنہوں نے ایک بات آئین کو پڑھے بغیر جبکہ دوسری بات 1940کی قرارداد پاکستان کو پڑھے بغیر کی ہے، میں اِس کالم میں اپنی رائے دینے سے پہلے گیس سے متعلق آئین کی شق اور صوبوں کے حوالے سے 1940کی قرارداد پاکستان سے متعلق جملے یہاں ریکارڈ کرنا چاہوں گا۔ آئین کے آرٹیکل 158میں کہا گیا ہے کہ

"The province in which a well-head of natural gas is situated shall have precedence over other parts of Pakistan in meeting the requirements from that well-head, subject to the commitments and obligations as on the commencing

day."

وفاقی وزیر اطلاعات سے گزارش ہے کہ وہ برائے مہربانی سب سے پہلے آئین کی اس شق کو پڑھیں اور اس کے بعد گیس کے بارے میں سندھ کے وزیراعلیٰ کے بیان پر نکتہ چینی کریں۔ اب میں‘ ان کے اس جملے کا ذکر کروں گا جس میں انہوں نے 18ویں آئینی ترمیم کے حوالے سےکہا ہے کہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبے آزاد ملک نہیں بنے اور ساتھ ہی انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ گیس کے ایشو پر سیاست کررہے ہیں‘‘۔ اس بات پر میں تفصیل سے لکھنا چاہوں گا کہ گیس یا کورونا پر سیاست سندھ کی حکومت کررہی ہے یا مرکزی حکومت کررہی ہے۔ فی الحال میں معلومات کے لئے یہاں 1940ءمیں لاہور میں منظور کی گئی قرارداد پاکستان کا یہ ایک اہم جملہ پیش کررہا ہوں جس میں کہا گیا ہے کہ

"Resolved that it is the considered view of this session of the All-India Muslim League that no constitutional plan would be workable in this country or acceptable to Muslims unless it is designed on the following basic principle, namely, that geographically contiguous units are demarcated into regions which should be so constituted with such territorial re-adjustments as may be necessary, that the areas in which the Muslims are numerically in majority as in the North-Western and Eastern Zones of India, should be grouped to constitute independent states in which "THE CONSTIUTENT UNITS SHALL BE "AUTONOMOUS AND

SOVEREIGN"

شبلی فراز صاحب سے عرض ہےمعلوم کریں کہ Autonomousاور Sovereignکے معنی کیا ہیں‘ ڈکشنری کے مطابق آٹونامس وہ صوبہ ہوتا ہے جو ’’خودمختار‘‘ ہو اور Sovereignوہ صوبہ ہوتا ہے جو ’’اعلیٰ ترین اختیارات کی حامل ریاست ہو‘‘۔ کیا اس وقت چھوٹے صوبوں اور خاص طور پر سندھ صوبہ خود مختار ہیں یا ان کو اعلیٰ ترین اختیارات حاصل ہیں بشمول سندھ تینوں چھوٹے صوبوں کی حیثیت تو کالونی سے زیادہ نہیں ہے اگر ایسا نہ ہوتا تو کیا کوئی پاکستان کے دوسرے بڑے صوبے سندھ کے وزیراعلیٰ کے بارے میں اس طرح کا بیان دے سکتا ہے ‘ دکھ تو یہ ہوتا ہے کہ اب تک زیادہ عرصہ پاکستان کے حکمرں چھوٹے صوبوں کے ساتھ کالونی والا سلوک کرتے آئے ہیں‘ یہ تو ہم 18ویں ترمیم اور قائداعظم کی صدارت میں منعقد ہونے والے پاکستان مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی جانے والی قرارداد کا ذکر کررہے ہیں حالانکہ پارلیمنٹ سے منظور کی گئی 18ویں آئینی ترمیم کی بھی بڑی اہمیت ہے اور خاص طور پر پاکستان کے بانی قائداعظم محمد علی جناح کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد پاکستان کی تو تاریخی حیثیت ہے مگر حکومت برطانیہ کے جس قانون کے تحت ہندوستان اور پاکستان آزاد ہوئے کیا پاکستان کے حکمرانوں نے اس کا احترام کیا؟ حکومت برطانیہ کی طرف سے جاری کئے گئے انڈین انڈیپنڈنٹس ایکٹ جس کے تحت ہندوستان اور پاکستان آزاد ملک بنے، اس ایکٹ میں آزاد ہونے والے دونوں ملکوں کی حکومت کو پابند کیا گیا تھا کہ اس عرصے کے دوران دونوں ملکوں میں آزادانہ انتخابات ہوں گے اور ان انتخابات کے نتیجے میں وجود میں آنے والی پارلیمنٹوں سے ایک خاص مدت کے دوران آئین منظور کرکے دونوں ملکوں کو آئین کے مطابق چلایا جائے گا۔ مگر ہوا کیا؟ ہندوستان میں تو مقررہ مدت کے دوران انتخابات بھی کرائے گئے اور ان انتخابات کے نتیجے میں وجود میں آنے والی پارلیمنٹ نے مقررہ مدت میں جمہوری انداز میں آئین بھی منظور کیا اور بعد میں ملک کو اس آئین کے تحت چلایا گیا مگر پاکستان میں کیا ہوا؟ (جاری ہے)

تازہ ترین