لاہور (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوں گے،اب عمران خان اور شہزاد اکبر کے اشتہاری ہونے کا وقت ہے،پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں جلسوں میں شرکت کررہی ہیں،کہیں مرکزی قیادت اور کہیں نمائندہ قیادت جاتی ہے،ہمارا وقت گزر گیا اب ان کا وقت آنے والا ہے۔ جاتی امراء کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب قوم کے سامنے ان کے جرائم کی فہرست آئے گی ان کو کرہ ارض پر منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی یہ اپنے آپ کو فرشتہ کہتے ہیں،فرشتہ کہہ کر انہوں نے پاکستان کو لوٹا ہے اس حکومت نے پاکستان کے مافیاز کی سربراہی کی ہے جس طرح انہوں نے پاکستان کے مفادات کا سودا کیا ہے جب اس کی تفصیلات سامنے آئیں گی ان کو کرہ ارض پر چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ۔