اسلام آباد(نمائندہ جنگ)صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتوں میں وزیر خارجہ آذر بائیجان نے مسئلہ کشمیر پر آذربائیجان کی طرف سے پاکستان کی مسلسل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا،صدر علوی،وزیر اعظم عمران خان کی نگورنو کاراباخ کی آزادی پر مبارکباد ، تجارتی حجم ، تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا،صدر عارف علوی نے ملاقات میں تجارتی حجم بڑھانے اور ثقافتی وتجارتی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اسلام آباد میں پاکستان ،آذربائیجان ،ترکی کے سہ فریقی مذاکرات سے سہ رخی تعلقات اور برادر ممالک کے مابین تعاون کو فروغ حاصل ہو گا، صدر مملکت نے کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کے ممبر کی حیثیت سے آذربائیجان کے کردار کو سراہا، آذری وزیرِ خارجہ نے نگورنو کاراباخ پر آذربائیجان کے موقف کی حمایت کرنے پر پاکستان کا شکریہ اداکیا۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان مسئلہ کشمیر پر تمام بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا،بعد ازاں وزیراعظم عمران خان سے آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔