اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان محمد خالد خورشید خان نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران گلگت بلتستان کو درپیش موسمیاتی خطرات‘ ماحولیاتی آلودگی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے سمیت مختلف مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ مقامی درجہ حرارت میں اضافہ علاقائی گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کی اہم وجہ ہے۔ گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث سیلاب کے خطرات میں اضافہ ہورہا ہے۔ سیلابی واقعات سے بڑے پیمانے پر مقامی آبادی کو معاشی‘ سماجی‘ نفسیاتی مسائل کا سامنا ہے۔