• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کملا ہیرس کی زندگی میں والدہ کے علاوہ کونسی دو خواتین اہم ہیں؟

امریکا کی نو منتخب نائب صدر کملا ہیرس نے اپنے چاہنے والوں کو اُن دو خواتین کے بارے میں بتا دیا جو اُن کی والدہ کے بعد اُن کی زندگی میں ایک خاص مقام رکھتی ہیں۔

کملا ہیرس نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ماضی کی اپنی کچھ یادگار تصویریں شیئر کی ہیں جن میں اُن کے ہمراہ اُن کی پڑوسن اور ٹیچر کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔


امریکا کی نو منتخب نائب صدر نے اپنی اس پوسٹ کو ایک طویل کیپشن دیتے ہوئے لکھا کہ ’میری والدہ کے علاوہ بھی میری زندگی میں دو خواتین ہیں جو میرے بچپن سے ہی میرے لیے ایک خاص حیثیت رکھتی ہیں، ان میری پہلی خاتون میری پڑوسی مسز شیلٹن ہیں جبکہ دوسری خاتون میری پہلی جماعت کی ٹیچر مسز ولسن ہیں۔‘

کملا ہیرس نے لکھا کہ ’مسز شیلٹن ایک باشعور خاتون تھیں، جن کا تعلق لوزیانا سے تھا، وہ اور اُن کے شوہر آرتھر ایک نرسری اسکول چلاتے تھے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’جب ہماری والدہ کو کام سے گھر آنے میں دیر ہوجاتی تھی تو وہ مسز شیلٹن کا ہی گھر تھا جہاں میری بہن مایا اور میں اسکول کے بعد جاتے تھے، مسز شیلٹن ہمارا اس قدر خیال رکھتی تھیں کہ ہم اُنہیں اپنی دوسری ماں کا درجہ دیتے تھے۔‘

امریکا کی نو منتخب نائب صدر نے بتایا کہ ’مسز شیلٹن ذہین ترین لوگوں میں سے ایک ہیں اور وہ اس یقین کے ساتھ زندگی بسر کرتی ہیں کہ ہمیں ہمیشہ ضرورت مندوں کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔‘

کملا ہیرس نے کہا کہ ’میں المیڈا کاؤنٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر میں کام شروع کرنے کے بعد بھی مسز شیلٹن کے باورچی خانے میں جاتی ہوں کیونکہ مجھے معلوم ہے کہ وہاں گرم اور مزیدار کھانا کھانے کو ملے گا۔‘

اس کے بعد کملا ہیرس نے اپنی ٹیچر مسز ولسن کے حوالے سے بتایا کہ ’مسز ولسن کیلیفورنیا کے ایلیمنٹری اسکول میں میری پہلی جماعت کی ٹیچر تھیں، انہوں نے میری زندگی کے ابتدائی سالوں کے دوران مجھ میں اُمید اور ہمت کا جذبہ پیدا کیا اور ہر راستے میں مجھ پر یقین کیا۔‘

کملا ہیرس نے کہا کہ ’میں نے اپنی ٹیچر سے جو اسباق حاصل کیے اُس سے مجھے پُراعتماد بننے میں بہت مدد ملی جس کے لیے میں ہمیشہ اُن کی شکرگزار رہوں گی۔‘

امریکا کی نو منتخب نائب صدر نے ایک حسین یاد کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’بہت سالوں کے بعد، جب میں میں اپنا لاء اسکول کا ڈپلومہ وصول کرنے کے لئے اسٹیج پر گئی اور جب میں نے سامعین کی طرف دیکھا تو میں نے مسز  ولسن کو مسکراتے ہوئے دیکھا۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’وہ ہمیشہ اس طرح مجھے خوش کرنے کے لیے میرے ساتھ موجود ہوتی تھیں اور میں آج تک ان کے اسباق اپنے ساتھ رکھتی ہوں۔‘

واضح رہے کہ کملا ہیرس امریکا کی پہلی خاتون، سیاہ فام اور جنوبی ایشیاء سے تعلق رکھنے والی شخصیت ہیں جو نائب صدر منتخب ہوئی ہیں۔ امریکی صدارتی انتخابات کی تاریخ میں کملا ہیرس نائب صدر کے عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔

تازہ ترین