• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوٹلی شہر گمبھیر مسائل سے دوچار ہے،چوہدری عبدالقیوم

بولٹن (ابرار حسین) آزاد کشمیر کے آمدہ عام انتخابات کی مہم کا آغازبرطانیہ میں بھی ہوگیا ہے، بعض امیدواروں نے کورونا کے باعث برطانیہ آنے کی بجائے فیس بک، واٹس ایپ اور دیگر الیکٹرانک ذرائع سے اپنے اپنے حلقے کے لوگوں تک رابطے بڑھانا شروع کردئیے ہیں، حلقہ نمبر3کوٹلی سے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے امیدوار اور سابق بیورو کریٹ چوہدری عبدالقیوم نے جنگ لندن سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک آباد کشمیریوں اور پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ ملک سے باہر بیٹھ کر اپنی سیاسی وابستگیوں کی بجائے حلقے کے عوام کے مسائل پر توجہ دیں اور آئندہ انتخابات میں ایسے امیدواروں کا انتخاب کیا جائے جو حلقے کے مسائل کو سمجھتے اور انہیں حل کرنے کا تجربہ رکھتے ہوں، انہوں نے کہا کہ ماضی میں بدقسمتی سے اس حلقے کو جس طرح نظر انداز کرکے پسماندگی کی طرف دھکیل دیا گیا اس سے کوٹلی شہر کے مسائل میں نہ صرف اضافہ ہوا بلکہ شہر گمبھیر مسائل سے دوچار ہے جس میں ڈی ایچ کیو اسپتال کی پ گریڈیشن ،کوٹلی اسٹیڈیم کی تکمیل، دو رویہ سڑک کی تعمیر ، کم تنخواہ پانے والے سرکاری ملازمین کی کالونیاں شامل ہیں، انہوں نے کہا آٹھ لاکھ سے زائد آبادی والے اس شہر کا ایک بڑا مسئلہ ٹریفک ،پارکنگ، نکاسی کا نظام ، گلیوں کی نالیوں کی صفائی ستھرائی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ کوٹلی کے دیرینہ مسائل کے پیش نظر ایک مشترکہ امیدوار کھڑا کرنے پر بھی غور کیا جانا چاہیے اور حلقے کے تمام امیدواروں کو صاف گوئی کے ساتھ عوامی عدالت میں جانا چاہیے تاکہ آئندہ انتخابات میں ان کی کامیابی اور ناکامی پر قیاس آرائیاں کرنے کی بجائے اصل حقیقت کاسامنا کیا جاسکے جس سے عوام بھی آگاہ ہو، انہوں نے کہا ہمارے سیاسی قافلے میں چوہدری محمد شریف ایڈووکیٹ اور نثار بٹ جیسی باشعور سیاسی شخصیات کا شامل ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام تبدیلی کے منتظر ہیں جو آکر رہی گی۔
تازہ ترین