• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ کورونا وائرس کی لپیٹ میں، ہر آٹھواں فرد کورونا کا شکار ہے، سرکاری رپورٹ

لندن(پی اے ) سرکاری طورپر جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق برطانیہ میں ہر 8واں فرد یعنی کم وبیش 12 فیصد افرادکورونا کاشکار ہیں قومی شماریات دفتر کی جانب سے خون کے رینڈم ٹیسٹ کی جورپورٹ سامنے آئی ہے اس کے مطابق گزشتہ سال نومبر میں کورونا کے شکار افراد کی شرح کا اندازہ 9 فیصد لگایاگیاتھا ،سرکاری رپورٹ کے مطابق ویلز میں ہر 10واں فرد، شمالی آئرلینڈ میں ہر 13واںاوراسکاٹ لینڈ میں ہر11واں فردکورونا کا شکار ہے۔ رپورٹ کے مطابق برطانیہ اس وقت کورونا وائرس کی تیسری ہلاکت خیز لہر کی لپیٹ میں ہے اور نیا وائرس بہت تیزی سے پھیلنے والا تصور کیاجاتاہے۔ ہیلتھ سے متعلق اداروں کے سربراہوں کاکہناہے کہ ہسپتالوں میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں پہلے ہی بہت زیادہ مریض ہیں اور ملک بھر میں انتہائی نگہداشت کے مریضوں کیلئے بستروں کی شدید کمی ہے۔کورونا کی وجہ سے ہلاکتوں کی شرح بھی بہت زیادہ ریکارڈ کی جارہی ہے،8 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ہلاکتوں کی یومیہ تعداد گزشتہ 5 سالہ ریکارڈ سے 45 فیصد زیادہ ہے۔کورونا سے سب سے زیادہ لندن متاثر ہواہے جہاں یومیہ ہلاکتوں کی شرح میں 85 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے ۔ کیمبرج یونیورسٹی کی میڈیکل ریسرچ کونسل نے گزشتہ ہفتہ بتایا کہ لندن میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی شرح 30 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس سے قبل کسی بھی وبا کے دوران اتنی بڑی تعداد میں لوگ متاثر نہیں ہوئے تھے۔برطانیہ میں کورونا کے پازیٹو نتائج والے کم وبیش 90,000 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ وزیر صحت میٹ ہنکوک نے منگل کو ٹوئیٹ کیا تھا کہ ہیلتھ سروس کے اس انتباہ کے بعد کہ ہوسکتاہے کہ انھوں نے کورونا سے متاثرہ افراد سے ملاقات کی ہو انھوں نے اتوار تک کیلئے خود کو آئسولیٹ کرلیا ہے ۔

تازہ ترین