• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے 6 زبانوں میں 6گانے پیش

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کسی بھی شخص کی پہچان اس کا آبائی علاقہ اور اس کی زبان ہوا کرتی ہے اور دنیا بھر کے لوگ اپنی مادری زبان سے محبت کرتے ہیں، اسی بات کے پیش نظر شہر قائد میں واقع چند علاقوں کے بسنے والوں کیلئے ان کی اپنی زبان میں گانے ریلیز کئے جارہے ہیں۔پروڈیوسر حمزہ جعفری کی تخلیق کردہ برادری براڈکاسٹ نے روایتی موسیقی کے ساتھ کراچی کے 6 پرانے علاقوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے 6 زبان میں 6 گانے پیش کرنے جارہے ہیں ۔برادری براڈکاسٹ کے نمائندے نے نجی چینل کو بتایا کہ یہ اقدام لسانی اکائیوں کے درمیان بھائی چارگی کو مزید فروغ دینے کیلئے اٹھایا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس پروجیکٹ کیلئے کراچی کے 6 علاقوں کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں چاکیواڑہ ، سعید آباد ، لیاری نو آباد ، شیریں جناح کالونی ، پاپوش نگر اور پہلوان گوٹھ شامل ہیں ۔جبکہ ان گانوں پاکستان میں بولے جانے والی 6 زبانوں میں ترتیب دیا گیا ہے جس میں سندھی ، پنجابی ، بلوچی ، پشتو ، کچھی اور اردو زبان شامل ہے ۔انتظامیہ کے مطابق اب تک دو گانے جس میں چاکیواڑہ (بریں) اور سعید آباد (سعید آباد کی صدا ) کو ریلیز کیا جاچکا ہے جبکہ دیگر گانوں کو آئندہ دنوں میں ریلیز کیا جائے گا جس میں شیریں جناح کالونی کیلئے (پشتو) ، پاپوش نگر کیلئے (اردو قوالی) ، پہلوان گوٹھ کیلئے (پنجابی اور پشتو) ، لیاری نو آباد کیلئے (سندھی اور کچھی) زبان میں گانے تیار کئے گئے ہیں۔گانا سعید آباد کی صدا اردو زبان میں ہے جسے سید اسد علی نے گایا ہے جبکہ چاکیواڑہ (بریں ) بلوچی زبان میں ہے جسے سہیل بلوچ ، بابر علی، عادل بلوچ اور عاصم بلوچ نے گایا ہے ۔اس سے قبل سال 2019 میں ‘برادری براڈکاسٹ’ کے زیر اہتمام 10 علاقائی زبانوں کی موسیقی کا ملاپ پیش کیا گیا ہے۔

تازہ ترین