اسلام آباد(اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین 31 جنوری تک پاکستان کو پانچ لاکھ کووڈ۔19ویکسین ڈوزز فراہم کرے گا۔فروری کے آخر تک پاکستان کو ویکسین کی مزید 11لاکھ خوراکیں مہیاکردی جائیں گی جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ میری دسمبر میں چینی وزیر خارجہ سے اس حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی جبکہ وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر میری چینی وزیر خارجہ سے (آج)جمعرات کو دوبارہ گفتگو ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں قوم کو خوش خبری سنانا چاہتا ہوں کہ چین نے وعدہ کیا ہے کہ 5 لاکھ ویکسین ڈوزز 31 جنوری تک پاکستان کو تحفتاً مہیا کر دی جائیں گی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ میں نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، ان سے گزارش کی کہ مستقبل قریب میں ہماری ضرورت 1.1 ملین ڈوزز کی ہے جس پر انہوں نے یقین دلایا کہ مطلوبہ مقدار میں ویکسین فروری کے آخر تک مہیا کر دی جائیں گی۔