• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک خراب کارکردگی پر ہیرو سے زیرو بنانا غلط، اظہر علی، جنوبی افریقی بولنگ اچھی، ہمیں رنز کرنا ہوں گے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ ایک بڑی ٹیم جنوبی افریقا کا دورہ پاکستان خوش آئند بات ہے۔ ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوں، جس شاٹ پر مجھے مسئلہ ہوتا ہے اپنے کوچز سے مدد لیتا ہوں، یونس خان ، محمد یوسف دونوں ہمارے ساتھ تجربات شیئر کرتے ہیں۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ ایک خراب پرفارمنس پر کھلاڑی کو ہیرو سے زیرو بنانا اچھا کلچر نہیں ہے، ہمیں اسے بدلنا ہوگا، جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے حوالے سے انہوں نے کہا میزبان ٹیم کو ہوم کنڈیشن کا فائدہ ملتا ہے، تیاریوں پر مطمئن ہیں ، مسلسل دو دن سے پریکٹس کررہے ہیں، ابھی تین سے چار پریکٹس سیشن باقی ہیں جس کا فائدہ اٹھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ انگلینڈ سے مجھے کافی حوصلہ بڑھا ہے، ہمیں صرف یہی سوچ رکھنی چاہیے کہ اچھی کرکٹ کھیلنا ہے، چیلنجز کاسامنا کرتے ہوئے ذہنی طور پر مضبوط ہونا ضروری ہے، میں ہمیشہ ٹیم کی ضروریات کے مطابق رول ادا کرتا ہوں، مینجمنٹ مجھے جس پوزیشن پر بھی کھلائے اس کیلئے تیار ہوں، حالانکہ پہلے خود بھی کہتا تھا کہ ایک پوزیشن ہونی چاہیے ۔اظہرعلی کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کے پاس اسپنرز اور فاسٹ بولر کی اچھی لائن اپ ہے، ہمارے بیٹسمینوں کو اتنے رنز کرنا ہونگے کہ بولرز دفاع کرسکیں۔ ہوم گراؤنڈ کے ایڈوانٹیج کے باوجود بھی کسی قسم کی خوش فہمی کا شکار نہیں ہوسکتے۔ ہر ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر ایڈوانٹج ملتا ہے لیکن جنوبی افریقا کی بولنگ لائن مضبوط ہے، بیٹسمینوں کو سنبھل کر کھیلنا ہوگا۔ پاکستانی بیٹسمینوں نے پچھلی ہوم سیریز میں بھی اچھا پرفارم کیا ہے۔ دریں اثنا پاکستان اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیموں نے جمعے کو نیشنل اسٹیڈیم میں بھر پور پریکٹس کرکے اپنی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ پروٹیز ٹیم کو زیر کرنے کے لئے پاکستانی کوچز نے حکمت عملی بنائی۔کھلاڑیوں نے نیٹ پریکٹس بھی کی جس میں ہیڈ کوچ مصباح الحق نے بولنگ کوچ وقار یونس، بیٹنگ کوچ یونس خان، پی سی بی کے ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچ محمد یوسف اور اسپن بولنگ اسپیشلسٹ محمد ثقلین کے ساتھ کھلاڑیوں پر بھر پور توجہ مرکوز رکھی، ٹریننگ سیشن ختم ہونے کے بعد کھلاڑیوں نے میدان ہی میں نماز جمعہ ادا کی۔ دوسری جانب جنوبی افریقا کی ٹیم نے چوتھے دن کراچی جیمخانہ میں فزیکل ٹریننگ کے بعد انٹر اسکواڈ میچ کھیلا۔

تازہ ترین