عالمی شہرت یافتہ کورین بوائے بینڈ ’بی ٹی ایس‘ کے ممبر مِن یونگی المعروف شوگا نے اپنی سالگرہ کے موقع پر لائیو اسٹریم کے دوران ماہِ رمضان کے بارے میں بات کی۔
شوگا نے گلوبل فین ڈم پلیٹ فارم ویورس پر 9 مارچ کو اپنی سالگرہ کے موقع پر ایک لائیو اسٹریم میں مداحوں کے ساتھ مختصر لیکن دلچسپ گفتگو کی۔
انہوں نے لائیو اسٹریم کے دوران اپنے کنسرٹ کی تیاریوں، مصروف پریکٹس شیڈول اور اپنے نئے آنے والے منصوبوں کے بارے میں بات کی اور اسی دوران یہ نوٹ کیا کہ ان کے ساتھ مسلمان مداح بھی موجود ہیں جو کہ ابھی رمضان میں روزے رکھ رہے ہوں گے۔
کورین گلوکار نے متجسس انداز میں کہا کہ ابھی میرے ساتھ لائیو اسٹریم میں روزے رکھنے والے مداح بھی موجود ہیں اور مجھے رمضان کے بارے میں یہ معلوم ہے کہ اس دوران سورج غروب ہونے کے بعد کھانا کھا سکتے ہیں، ایسا ہی ہے یا نہیں؟ میں نے بھی سورج ڈوبنے کے بعد کھانا کھایا ہے۔
لائیو اسٹریم کے دوران یہ لمحہ شائقین کے لیے مختصر لیکن قابلِ دید تھا جسے بہت سے لوگوں نے سراہا۔
کچھ صارفین نے یہ کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ شوگا بھی ہمارے ساتھ روزہ رکھ رہے ہیں۔
شوگا کے لائیو اسٹریم کے وائرل ہونے والے اس ویڈیو کلپ نے مداحوں کو ان کی ایک پرانی وائرل ویڈیو کی یاد بھی دلا دی جس میں اُنہوں نے حلال کھانوں کے بارے میں بات کی تھی۔