• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مظفر گڑھ: 5 سالہ بچی کا زہریلا جوس پلا کر قتل

جنوبی پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں 5 سالہ بچی کو مبینہ طور پر جوس میں زہریلی شے پلا کر قتل کر دیا گیا۔

مظفر گڑھ کی تحصیل کوٹ ادو کے علاقے سنانواں میں 5 سالہ ایمن کو مبینہ طور پر گنے کے جوس میں زہریلی شے پلا کر قتل کر دیا گیا ہے۔

بچی کے نانا ملازم حسین کے پولیس کو دیئے گئے بیان کے مطابق مرنے والی بچی ایمن کی والدہ کو 5 سال قبل جھگڑے کے بعد اس کے شوہر نے گھر سے نکال دیا تھا۔

ملازم حسین کے مطابق اس کی نواسی کو اس کے دادا عاشق حسین، اس کے رشتے دار مہتاب اور نواب نے قتل کیا ہے۔

ایمن کے نانا کا کہنا ہے کہ 5 سالہ ایمن اس کے بھائی کے گھر ملنے گئی تو وہاں ملزمان آئے ہوئے تھے جنہوں نے اسے گنے کے جوس میں زہریلی شے پلا دی۔


دوسری جانب پولیس ترجمان وسیم خان کا کہنا ہے کہ مرنے والی بچی کے نانا کی مدعیت میں بچی کے دادا اور اس کے 2 رشتے داروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین