پنجاب کے علاقے ظفروال میں گھریلو ناچاقی پر سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو زہر دے کر قتل کر دیا جبکہ متاثرہ خاتون کے شوہر ، ساس اور دیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ظفروال کے تھانہ لیسر کلاں میں سسرالیوں نے زہر دے کر بہو کو قتل کر دیا، مقتولہ کی دس سال قبل شادی ہوئی تھی جس کے تین بیٹے ہیں، مقتولہ کے بھائی محمد بوٹا نے سسرالیوں کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔
مقتولہ کے بھائی نے الزام عائد کیا ہے کہ میری بہن نے موبائل پر مجھے اطلاع دی تھی کہ میرا خاوند احسن، میرا دیور محسن اور ساس بشیراں بی مجھے مار رہے ہیں اور مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
مقتولہ کے بھائی کا کہنا ہے کہ میں نے تسلی دی کہ میں صبح آجاؤں گا تھوڑی ہی دیر بعد میری بہن کا موبائل فون بند ہو گیا، اگلی صبح میں اپنی بہن کے گھر پہنچا تو پتا چلا کہ میری بہن کے سسرالیوں نے زہریلی شے پلا دی تھی اور اس کو ہسپتال لے گئے تھے ۔
مقتولہ کے بھائی کا کہنا ہے کہ میں فوراً اسپتا ل پہنچا تو میری بہن نے بتایا کہ اس کو مار پیٹ کرنے کے بعد اس کے خاوند ،دیور اور ساس نے زہریلی شے پلا دی تھی اور وہ بے ہوش ہو گئی تھی، بعد ازاں وہ زہر کے اثر سے جاں بحق ہو گئی۔
پولیس کے مطابق تھانہ لیسر کلاں نے تینوں ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے نعش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی ہے جبکہ تینوں ملزمان تا حال فرار ہیں۔
دوسری جانب لودھراں کے علاقے بستی راجپوتاں کہروڑ پکا میں گھریلو جھگڑے پر شوہر نے کلہاڑی کے وار سے بیوی کو زخمی کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے بیوی پرحملے کے بعد خود کوآگ لگالی جس کے بعد ملزم جھلس کرجاں بحق ہو گیا، بیوی شدید زخمی ہے جسے بہاولپور وکٹوریا اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کہنا ہے کہ لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے، واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔