• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دسمبر گزر گیا، اپوزیشن کے استعفے آئے نہ لانگ مارچ ہوا، فردوس عاشق اعوان


پاکستان تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ دسمبر گزر گیا، جنوری کا آخری ہفتہ بھی آگیا، اپوزیشن اراکین کےاستعفے آئے نہ لانگ مارچ ہوا۔

فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فروری اورمارچ بھی آئیں گے اور گزر جائیں گے، پی ڈی ایم کی تحریک عدم اعتماد پھر بھی نہیں آئے گی، پہلے ہی کہا تھا اس اتحادکی بیل منڈھے نہیں چڑھے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سندھ کے شہزادے نے اپنی چال چل دی ہے،  فضل الرحمٰن اب اس غیر فطری اتحاد کا جنازہ پڑھانے کی تیاری کریں، حادثاتی چیئرمین شہزادے نے تحریک عدم اعتماد لانے کا خواب دیکھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہزادے کے خواب کی تعبیر سے پہلے ہی اس کے اتحادی جماعتوں نے مخالفت کردی، یہ لوگ ابو بچاؤ تحریک میں ہرحربہ آزماچکے، انہیں رسوائی کے علاوہ کچھ حاصل نہ ہوا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اب بوکھلاہٹ کا شکارپی ڈی ایم الٹی سیدھی حرکتیں کررہی ہے، سدھارنے کی باتیں کرنے والے بتائیں ملک کو اس حال تک پہنچایا کس نے؟۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پچاس سال سے ان کے آباؤ اجداد ہی اس ملک پر حکمران رہے، یہ کسی صورت میں بھی معافی تلافی اوراین آر او چاہتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم  عمران خان کے وزیراعظم ہوتے ہوئے این آر او کسی صورت ممکن نہیں۔

 فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بغیر کسی سیاسی دباو کے قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کیا، ن لیگ قوم کو گمراہ کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتی، جہاں جہاں سرکاری اراضی قبضہ مافیا کے پاس ہے اسے واگزار کرایا گیا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ن لیگ قبضہ مافیا کی پشت پنائی کرتی تھی۔

تازہ ترین