• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، اہم کمانڈر سمیت 5 دہشت گرد ہلاک


صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی اور خیسور میں خفیہ اطلاعات پر آپریشنز کیے۔ 

ان آپریشن میں 5 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں میں کمانڈر سید رحیم اور سیف اللہ نور بھی شامل ہے۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق سید رحیم 2007 سے اب تک سیکیورٹی فورسز پر 17 دہشت گرد حملوں میں ملوث رہا اور وانا اور میر علی میں دو خودکش مراکز کا انچارج بھی تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملک دشمن ایجنسیوں نے سید رحیم کو ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردوں کی بھرتی کا ٹاسک دیا تھا۔

علاوہ ازیں دہشت گرد سید رحیم میر علی میں چار قبائلی عمائدین کے قتل میں ملوث تھا، وہ شمالی وزیرستان میں ایک کمپنی کے تین انجینئرز کے قتل میں بھی ملوث تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد کمانڈر سیف اللّٰہ نور، خیسور میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں براہِ راست ملوث تھا۔

تازہ ترین