وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے زیراہتمام تجارت وترقی سے متعلق کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی پذیرملکوں کوبلاتعطل ویکسین فراہم کی جائے، عالمی سطح پر ویکسین کی دستیابی میں ابھی وقت درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ وبا کے خاتمے تک مقروض ملکوں کو قرضوں کی ادائیگی میں رعایت دی جائے۔
وزیراعظم عمران خان نےچوتھے سیشن سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا بلاتفریق امیر اور غریب سب کو متاثر کررہا ہے، ہمیں لوگوں کو وبا اور بھوک سے ہلاکت سے بچانا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ وبا کے تدارک کے لیے سہولیات میں اضافہ کیا جائے، کورونا سے بچاؤ کی ویکسین ترقی یافتہ ممالک میں لگائی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی پذیرملکوں کوبلاتعطل ویکسین فراہم کی جائے، دنیا کواس وقت صحت عامہ اور معاشی حوالے سے غیر معمولی بحران کا سامنا ہے، کورونا سے پسماندہ ممالک اور ان کے عوام سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔
عمران خان نے کہا کہ وبا کی صورتحال میں لاکھوں افراد خط غربت سےنیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے۔